
ٹاسک فورس پاکستان کرکٹ بورڈ کا مؤقف سننے جلد یہاں آئے گی: سلیم الطاف
پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی پر واضح کردیا ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ کا نیا فیوچر ٹور پروگرام (ایف ٹی پی) اسے قبول نہیں کیونکہ اس میں پاکستان کو کوئی اہمیت نہیں دی گئی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلیم الطاف نے لندن میں آئی سی سی کے اجلاس میں شرکت کے بعد وطن واپسی پر بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی کے اجلاس میں چار ممالک نے بین الاقوامی کرکٹ پروگرام پر مبنی جو نیا ایف ٹی پی پیش کیا اس پر پاکستان نے اپنی تشویش سے آئی سی سی کو آگاہ کردیا ہے کیونکہ اس میں پاکستان کو غیر اہم سمجھاگیا ہے۔
سلیم الطاف نے کہا کہ آئی سی سی نے اس ایف ٹی پی پر غور کرنے کے لیے وقت مانگتے ہوئےکہا ہے کہ اس کا پاکستان کی بین الاقوامی کرکٹ کو متاثر کرنے کا اس کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کی ٹاسک فورس کے دو ارکان کے بارے میں بھی اپنے تحفظات سے آئی سی سی کو آگاہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی نے پانچ رکنی ٹاسک فورس پاکستان میں بین الاقوامی کی بحالی کے سلسلے میں پاکستان کی مدد کرنے کے لیےتشکیل دی ہے۔ سلیم الطاف نے کہا کہ یہ ٹاسک فورس پاکستان کرکٹ بورڈ کا مؤقف سننے جلد یہاں آئے گی۔
سلیم الطاف نے کہا کہ پاک بھارت کرکٹ روابط دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات معمول پر آنے سے مشروط ہیں۔ موجودہ ایف ٹی پی میں بھارت اور پاکستان کے درمیان ایک ٹیسٹ سیریز تھی جو بھارت نے منسوخ کردی۔ اگلی ٹیسٹ سیریز دو ہزار تیرہ میں ہونی ہے۔
آئی سی سی کے خلاف قانونی چارہ جوئی کے بارے میں سوال پر سلیم الطاف نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پہلے ہی قانونی نوٹس بھیجا ہوا ہے۔
© MMIX