
سیمی فائنل میں پہنچ کر بہت اچھا لگ رہا ہے اور میری کوشش ہوگی کہ اگلے مرحلے میں بھی اپنا بہترین کھیل پیش کروں: اینڈی مرے
برطانیہ کے اینڈی مرے نے بدھ کو لندن میں ومبلڈن کوارٹر فائنل میں سپین کے کارلوس فیریرو کو شکست دے کر پہلی مرتبہ سیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔
سوئٹزر لینڈ کے روجر فیڈرر پہلے ہی اپنے حریف ایوہ کارلوِچ کو شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ چکے ہیں جہاں جمعہ کوان کا مقابلہ جرمنی کے ٹومی ہاس سے ہوگا۔
سکاٹ لینڈ سے تعلق رکھنے والے بائیس سالہ اینڈی مرے نے اپنے مدِ مقابل کو جو فرنچ اوپن کے سابق چیمییئن بھی رہ چکے ہیں، سات پانچ، چھ تین اور چھ دو سے شکست دی۔ جمعہ کو وہ اینڈی روڈک کے خلاف سیمی فائنل کھیلیں گے۔
پیر کو رات دیر تک جاری رہنے والے اس میچ کی نسبت جس میں بالآخر مرے نے اپنے حریف کو ہرا دیا تھا، بدھ کو اینڈی مرے نسبتاً بہتر کنٹرول کے ساتھ کھیلے۔ پہلے مشکل سیٹ کے بعد وہ اپنی بہترین فارم میں آ گئے اور ایک گھنٹہ تینتالیس منٹ کے کھیل کے بعد اپنے حریف کو شکست دینے میں کامیاب ہوئے۔
ومبلڈن کی حالیہ تاریخ میں وہ اپنے ہم وطن ٹم ہین مین کے بعد دوسرے ایسے کھلاڑی ہیں جو ومبلڈن کے سیمی فائنل میں پہنچے ہیں۔اپنی فتح کے بعد انہوں نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا ’سیمی فائنل میں پہنچ کر بہت اچھا لگ رہا ہے اور میری کوشش ہوگی کہ اگلے مرحلے میں بھی اپنا بہترین کھیل پیش کروں۔‘
© MMIX