Advertisement
آخری وقت اشاعت:  Tuesday, 30 june, 2009, 09:07 GMT 14:07 PST

پی سی بی سلیکشن کمیٹیاں تحلیل

پی سی بی نے دو کے بجائے ایک ہی سلیکشن کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے

پاکستان کرکٹ بورڈ نے فوری طور سینئر اور جونیئر سلیکشن کمیٹیوں کو ختم کردیا ہے۔

واضح رہے کہ سینئر سلیکشن کمیٹی کے سربراہ عبدالقادر نے سلیکشن میں مبینہ مداخلت اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے مبینہ نامناسب سلوک پر بطور احتجاج استعفٰی دے دیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس کمیٹی کے دو اراکین سلیم جعفر اور شعیب محمد کے ہوتے ہوئے کسی نئے چیف سلیکٹر کی تقرری کرنے کے بجائے وسیم باری کو عبوری چیف سلیکٹر مقرر کرتے ہوئے کپتان کوچ اور نائب کپتان کی مشاورت سے سری لنکا کے دورے کے لئے ٹیم مقرر کی تھی جبکہ سلیم جعفر اور شعیب محمد کو سلیکشن کے معاملات سے دور رکھا گیا تھا۔

شعیب محمد تنخواہ دار کمیٹی کا حصہ ہونے کے ساتھ ساتھ پی آئی اے میں بھی ملازم ہیں جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان پر واضح کردیا تھا کہ انہیں کسی ایک ملازمت کو چھوڑنا ہوگا۔

جونیئر سلیکشن کمیٹی کے سربراہ سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد الیاس تھے اور باسط علی، فرخ زمان، افضل گجر، علی احمد اور آصف بلوچ رکن تھے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ جونیئر سلیکشن کمیٹی جو سینئر کمیٹی کی طرح تنخواہ دار تھی تقریباً آٹھ ماہ تک قائم رہی لیکن اس دوران وہ کوئی بھی ٹیم منتخب نہ کرسکی لیکن پاکستان اے کرکٹ ٹیم کے آسٹریلیا کے دورے کا وقت آیا تو جونیئر سلیکشن کمیٹی کے سربراہ محمد الیاس کو اس کا منیجر بنادیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے مستقبل میں دو کے بجائے ایک ہی سلیکشن کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے جو سینئر اور جونیئر ٹیموں کا انتخاب کرے گی۔

بی بی سی کو جانیں

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔