Advertisement
آخری وقت اشاعت:  Tuesday, 30 june, 2009, 13:39 GMT 18:39 PST

پاک انڈیا جوڑی ومبلڈن سے باہر

یہ اعصام کا چوتھا اور پرکاش امرت راج کا پہلا ومبلڈن مقابلہ تھا

ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ کے ڈبلز مقابلوں کے تیسرے راؤنڈ میں پاکستان کے اعصام الحق اور بھارت کے پرکاش امرت راج کی جوڑی بھارت ہی کے مہیش بھوپتی اور بہاماس کے مارکس نوئلز کے ہاتھوں شکست کھا کر مقابلے سے باہر ہوگئی۔

لندن میں جاری ٹینس ٹورنامنٹ میں بھوپتی اور ان کے ساتھی نے پاکستانی و بھارتی کھلاڑیوں کی جوڑی کو چار سیٹ کے مقابلے کے بعد شکست دی۔

میچ کے پہلے سیٹ میں بھوپتی اور نوئلز نے چار کے مقابلے میں چھ گیمز سے فتح حاصل کی لیکن اعصام اور پرکاش نے دوسرا سیٹ پانچ کے مقابلے میں سات گیم سے جیت کر مقابلہ برابر کر دیا۔ میچ کا تیسرا سیٹ ٹائی بریکر تک گیا اور بھوپتی کی ٹیم یہ سیٹ سات چھ سے جیتنے میں کامیاب رہی۔

چوتھے سیٹ میں اعصام اور پرکاش امرت راج کی جوڑی بہتر کھیل کا مظاہرہ نہ کر سکی اور بھوپتی کی ٹیم نے یہ سیٹ چھ صفر سے جیت کر میچ ایک کے مقابلے میں تین سیٹ سے جیت لیا۔

یہ پرکاش امرت راج کا پہلا ومبلڈن ٹورنامنٹ تھا جبکہ اعصام چوتھی بار اس ٹورنامنٹ میں حصہ لے رہے تھے۔ اس سے قبل اعصام سنہ دو ہزار سات میں مردوں کے سنگل مقابلوں میں دوسرے راؤنڈ میں اور سنہ دو ہزار دو میں مردوں کے ڈبل مقابلوں کے تیسرے راؤنڈ اور دو ہزار آٹھ میں دوسرے راؤنڈ میں پہنچے تھے۔

بی بی سی کو جانیں

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔