
فیڈرر چھٹی مرتبہ ومبلڈن جیتنے کی کوشش کر رہے ہیں
عالمی نمبر دو راجر فیڈرر جرمنی کے فلپ کولشرائبر کو چار سیٹ کے مقابلے کے بعد شکست دے کر ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ کے چوتھے راؤنڈ میں پہنچ گئے ہیں۔
ٹورنامنٹ کے دوران یہ پہلا موقع تھا کہ فیڈرر کا میچ تیسرے سیٹ سے آگے گیا اور انہوں نے اس میچ میں چھ تین، چھ دو، سات چھ، اور چھ ایک کے سکور سے فتح حاصل کی۔
یہ میچ دو گھنے اکتیس منٹ تک جاری رہا اور کولشرائبر نے فیڈرر کو آسانی سے جیتنے نہیں دیا۔
چوتھے راؤنڈ میں فیڈرر کا مقابلہ سویڈن کے رابن سوڈرلنگ سے ہو گا۔ فیڈرر اور سوڈرلنگ اس سے قبل فرنچ اوپن کے فائنل میں مدِمقابل تھے جہاں فیڈرر نے سوڈرلنگ کو شکست دے کر پہلی مرتبہ فرنچ اوپن جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
رابن سوڈرلنگ نے چوتھے راؤنڈ میں جگہ بنانے کے لیے سپین کے نکولس المارگو کو سات چھ، چھ چار اور چھ چار کے سکور سے شکست دی۔
خیال رہے کہ راجر فیڈرر چھٹی مرتبہ ومبلڈن اور مجموعی طور پر اپنا پندرہواں گرینڈ سلام ٹورنامنٹ جیتنے کی کوشش کر رہے ہیں اور اس مرتبہ ومبلڈن سے دفاعی چیمپئن اور عالمی نمبر ایک رافیل ندال کی غیر موجودگی کی وجہ سے وہ یہ مقابلہ جیتنے کے لیے فیورٹ ہیں۔
© MMIX