
فیصلے کی وجہ پاکستان کی غیر یقینی سیاسی صورتحال ہے: ڈیوڈ مورگن
آئی سی سی نے سکیورٹی خدشات کی بناء پر سنہ 2011 کرکٹ ورلڈ کپ کے میچ پاکستان سے منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس بات کا اعلان آئی سی سی کے سربراہ ڈیوڈ مورگن نے دبئی میں ایک پریس کانفرنس میں کیا۔
انہوں نے بتایا کہ اس بات کا فیصلہ دبئی میں آئی سی سی کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں کیا گیا ہے۔ ڈیوڈ مارگن کا کہنا تھا کہ اس بات کا فیصلہ پاکستان کی غیریقینی سیاسی صورتحال کی وجہ سے کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’یہ ایک قابلِ افسوس فیصلہ ہے لیکن ہماری پہلی ترجیح ایک محفوظ اور کامیاب ٹورنامنٹ کا یقینی انعقاد ہے‘۔
سنہ 2011 کا کرکٹ ورلڈ کپ پاکستان، بھارت، سری لنکا اور بنگلہ دیش میں مشترکہ طور پر کھیلا جانا تھا اور پاکستان میں اس ٹورنامنٹ کے سولہ میچ منعقد ہونا تھے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ نے بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے فیصلے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’یہ ایک مایوس کن فیصلہ ہے لیکن کیا کیا جائے لاہور حملے کے بعد کوئی بھی پاکستان میں کھیلنا نہیں چاہتا‘۔خیال رہے کہ رواں برس تین مارچ کو پاکستان کے دورے پر آئی ہوئی سری لنکن ٹیم پر لاہور میں دہشتگردوں نے حملہ کر دیا تھا جس میں پنجاب پولیس کے چھ اہلکار ہلاک اور متعدد سری لنکن کھلاڑی زخمی ہوئے تھے۔
پاکستان میں مخدوش سکیورٹی صورتحال کی وجہ سے گزشتہ برس نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا نے پاکستان کا دورہ کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ سکیورٹی خدشات کی وجہ سے ہی پاکستان میں گزشتہ برس منعقد ہونے والی چیمپئنز ٹرافی پہلے تیرہ ماہ کے لیے ملتوی اور پھر پاکستان سے جنوبی افریقہ منتقل کر دی گئی تھی۔
BBC © 2012 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے
اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔