پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں سنیچر کی شب امریکی جاسوس طیاروں کے میزائل حملے میں کم از کم چار افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ شمالی وزیرستان کی مقامی انتظامیہ کے مطابق یہ حملہ میران شاہ سے دو کلومیٹر دور واقع ماچس نامی گاؤں میں کیا گیا جہاں امریکی طیاروں نے مقامی ایجنسی کونسلر عمر دراز عرف پاتس خان داوڑ کے مکان پر دو میزائل داغے۔ انتظامیہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ رات گیارہ بجے ہونے والے اس حملے میں کم از کم تین افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے تاہم ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ یہ تین دن میں شمالی وزیرستان کے علاقے میں جاسوس طیاروں کی جانب سے میزائل حملوں کا دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل نو اکتوبر کو بھی تپئی کے علاقے ایک مکان پر امریکی جاسوسی طیاروں سے میزائل داغے گئے تھے۔
اسی بارے میں: وزیرستان: امریکی حملہ، چار ہلاک