صوبہ سرحد کی شورش زدہ وادی سوات میں حکام نے دعوی کیا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے ایک تازہ کاروائی میں طالبان کے ایک اہم مرکز پر حملے میں پچیس سے تیس عسکریت پسندوں ہلاک جبکہ چالیس سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ تاہم مقامی طالبان نے حکومتی دعوے کی تردید کی ہے۔ سوات میڈیا سنٹر کے ترجمان میجر ناصر علی نے بی بی سی کو بتایا کہ مقامی لوگوں کے پرزور مطالبے پر آج صبح سکیورٹی فورسز نے کوزہ بانڈئی میں طالبان کے خلاف ایک بڑے کاروائی کا اغاز کیاجس میں پیدل فوج اور توپ بردار ہیلی کاپٹروں نے بھی حصہ لیا۔ انہوں نے دعوی کیا کہ آپریشن میں پچیس سے تیس عسکریت پسندوں ہلاک اور چالیس سے زائد زخمی ہوئے جبکہ کوزہ بانڈئی میں طالبان کے چند اہم مراکز کو بھی تباہ کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طالبان ان مراکز سے سوات میں کاروائیاں کرتے تھے جبکہ ان جگہوں پر لوگوں کو بھی سزائیں دی جاتی تھیں۔ کوزہ بانڈئی میں ہی اتوار کے روز مسلح شدت پسندوں نے مسلم لیگ قائد اعظم کے ایک مقامی رہنما کے گھر کو دھماکے سے اڑا دیا تھا۔
اسی بارے میں: سوات کارروائی میں تیس ہلاک