لاہور ہائی کورٹ کے چار معزول ججوں نے دوبارہ حلف لینے کے لیے نوٹیفیکیشن کے اجرا کے بعد سینچر کواپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ جن معزول ججوں نے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا ان میں جسٹس میاں ثاقب نثار، جسٹس آصف سعید کھوسہ، جسٹس شیخ عظمت سعید اور جسٹس عمر عطا بندیال شامل ہیں۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس سید زاہد حسین نے ان ججوں سے حلف لیا۔ سیکریٹری قانون آغا رفیق نے بتایا کہ ایک نوٹیفیکیشن کے تحت لاہور ہائی کورٹ میں ججوں کی تعداد پچاس سے بڑھ کر ساٹھ کردی گئی ہے۔ سیکریٹری قانون آغا رفیق نے بی بی سی کو بتایا کہ دوبارہ حلف اٹھانے والے ان معزول ججوں کی سینیارٹی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی اور ان کو وہی سینیارٹی حاصل ہوگی جو تین نومبر سنہ دو ہزار سات کو تھی۔
اسی بارے میں: لاہور، چار ججوں نےحلف اٹھا لیا