
ماریانا ٹرینچ کی گہرائی گیارہ کلومیٹر (سات میل) ہے
ماریانا ٹرینچ جہاں سمندر کی گہرائی گیارہ کلومیٹر (سات میل) ہے وہاں اس گہرائی تک پہنچنے کی دوڑ شروع ہو چکی ہے۔
اس سے قبل اس گہرائی تک پہنچنے کا سفر پچاس سال قبل طے کیا گیا تھا اور اب چار ٹیمیں وہاں دوبارہ جانے کی تیاری کر رہی ہیں۔
یہ ایک یاریخی سفر ہوگا جس میں جدید ترین آبدوز ٹیکنالوجی کو استعمال کیا جائے گا۔ اس سفر میں ان چھوٹی آبدوزوں میں موجود افراد کی زندگیوں کو بھی ایک بہت بڑا خطرہ لاحق ہوگا۔
اگلے ایک سال کے دوران اس دوڑ میں شامل ہر ٹیم ایک منفرد طریقہ اپنائے گی اور سمندر کی گہرائی تک پہنچنے کی اس دوڑ میں ان میں سے صرف ایک ٹیم کو فاتح قرار دیا جائے گا۔
ٹریٹن سبمرینز

ٹیٹن کی تین سیٹوں والی پیلی آبدوز
ٹریٹن سبمرینز ان چار ٹیموں میں سے ایک ہے جو اس دوڑ میں شامل ہے۔ فلوریڈا میں قائم یہ کمپنی پرائویٹ آبدوزیں بناتی ہے۔
اس کمپنی کی تین سیٹوں والی پیلی آبدوز میں پیسوں کے عوض عام افراد بھی اس سفر کا حصہ بن سکیں گے۔
اس کمپنی نے بہاماس میں اپنی سب سے زیادہ گہرائی تک جانے والی چھوٹی آبدوز کا تجربہ کیا جو ایک کلومیٹر (0.6 میل) تک جا سکتی ہے۔
لیکن یہ اس آبدوز کا پہلا نمونہ ہے جو ماریانا ٹرینچ کی گہرائی تک کا سفر طے کر سکے گی۔
کیمرون سبمرین

ٹائٹینک کا ملبہ بحرہ اقیانوس میں چار ہزار میٹر (تیرہ ہزار فٹ) گہرائی میں پڑا ہے
فلم ہدایت کار جیمز کیمرون کی آبدوز کو خفیہ رکھا جا رہا ہے لیکن اس میں کوئی شک نہیں کہ اس کو ایک ایسے پلیٹ فارم کے طور پر ڈیزائن کیا جائے گا جس سے ماریانا ٹرینچ کی بہترین تصاویر حاصل کی جا سکیں گی۔
جیمز کیمرون نے فلم ’دی ابیس‘ کی فلم بندی کے دوران زیر آب فلم بندی کی نئی تکنیک استعمال کرنے کی بنیاد رکھی۔
ہالی ووڈ کے ہدایت کار جیمز کیمرون آسٹریلوی انجینئروں کی ایک ٹیم کے ساتھ مل کر ایک آبدوز تیار کر رہے ہیں جو گیارہ کلومیٹر گہرائی کا سفر طے کر سکے۔
اپنی کامیاب فلم ٹائیٹینک کے لیے انہوں نے دو چھوٹی روسی آبدوزیں استعمال کی تھیں۔ ان کی مدد سے بحرہ اقیانوس میں چار ہزار میٹر (تیرہ ہزار فٹ) گہرائی میں پڑے اس کے ملبے کی فلم بندی کی گئی تھی۔
ورجن سبمرین

رچرڈ برینسن کی کمپنی ورجن کی ٹیم ایک شخص پر مشتمل ہوگی
پچاس سال قبل ماریانا ٹرینچ میں یہ سفر دو افراد پر مشتمل ٹیم نے طے کیا تھا لیکن رچرڈ برینسن کی کمپنی ورجن کی ٹیم ایک شخص پر مشتمل ہوگی۔
ورجن کی ٹیم اپنی ’اڑنے ولی‘ سبمرین کے ساتھ چار ٹیموں میں سب سے پہلے دنیا کے اس گہرے ترین مقام تک پہنچنا چاہتی ہے۔
ڈوئر سبمرین
ڈوئر مرین کا کہنا ہے کہ سوال اس دوڑ میں اول آنے کا نہیں بلکہ ایک ایسی چھوٹی آبدوز بنانے کا ہے جس سے سائنس کو فائدہ پہنچ سکے۔

ڈوئر کی ٹیم کوگوگل کے چیئرمین ایرک شمٹ کی مالی پشت پناہی حاصل ہے
ڈوئر مرین سان فرانسسکو میں قائم ایک مرین ٹیکنالوجی کمپنی ہے جس کی بنیاد 1992 میں رکھی گئی تھی۔
اس ٹیم کو گوگل کے چیئرمین ایرک شمٹ کی مالی پشت پناہی حاصل ہے۔

















