bbc.co.uk navigation

’غیرمعمولی دماغ نشے کی عادت کی وجہ‘

آخری وقت اشاعت:  ہفتہ 4 فروری 2012 ,‭ 02:03 GMT 07:03 PST

كیمبرج یونیورسٹی کے سائنسدانوں کے مطابق بعض لوگوں کے دماغ میں خرابی کی وجہ سے اُن کے منشّیات کا عادی بننے کا خدشہ زیادہ ہوتا ہے۔

سائنسدانوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ نشے کے عادی افراد کے ایسے بھائی، بہن جو منشّیات سے دور ہی رہے ان کا دماغ بھی اتنا ہی غیر معمولی تھا۔

کچھ ماہرین کا سمجھتے ہیں کہ نشے کا شکار نہ ہونے والے بھائی، بہن امید کی ایک کرن ہو سکتے ہیں کیونکہ اُن کا مطالعہ کرکے یہ معلوم کیا جا سکتا کہ انہوں نے ’خود پر قابو پر کر کِس طرح خود کو نشے سے دور رکھا۔

یہ مطالعہ سائنس نامی جریدے میں چھپا ہے اور اس کے مطابق ’دماغ کا غیر معمولی پن‘ نشے کا عادی ہونے کی ایک وجہ ہو سکتی ہے۔

اب تک یہ تو تسلیم کیا جاتا رہا ہے کہ نشے کے عادی لوگوں کا دماغ باقی لوگوں کے دماغ سے الگ ہوتا ہے مگر ماہرین یہ طے نہیں کر پا رہے تھے کہ دماغ میں خرابی نشے کی وجہ سے ہوتی ہے یا پھر نشے کے عادی لوگوں کا دماغ پہلے سے ہی غیر معمولی ہوتا ہے۔

اسی سوال کا جواب تلاش کرنے کے لئے منشیات کا استعمال کرنے والے پچاس لوگوں کے دماغ کا تقابلی مطالعہ ان کے ایسے بھائی، بہنوں سے کیا گیا جنہوں نے کبھی نشہ نہیں کیا۔

"یہ کافی پہلے سے پتا تھا کہ ہر شخص جو نشہ کرتا ہے وہ اس کا عادی نہیں ہو جاتا مگر یہ جائزہ بتاتا ہے کہ نشے کا عادی ہونے کی وجہ صرف طرز زندگی ہی نہیں بلکہ یہ غیر معمولی دماغ کی وجہ سے بھی ہوتا ہے اور ہمیں یہ ماننا ہوگا۔"

ڈاکٹر کیرن ایرش

نتائج کے مطابق نشے کے عادی لوگوں اور نشہ نہ کرنے والے ان کے بھائی، بہنوں کے طرز عمل کو کنٹرول کرنے والے دماغ کے حصّے ایک جیسے ہی غیر معمولی تھے۔

ان نتائج کے بعد سائنس دانوں کا خیال ہے کہ نشے کے عادی لوگوں کا دماغ پہلے سے ہی غیر معمولی تھا۔

مطالعہ کرنے والی ٹیم کے سربراہ محقق ڈاکٹر کیرن ایرش نے کہا، ’یہ کافی پہلے سے پتا تھا کہ ہر شخص جو نشہ کرتا ہے وہ اس کا عادی نہیں ہو جاتا مگر یہ جائزہ بتاتا ہے کہ نشے کا عادی ہونے کی وجہ صرف طرز زندگی ہی نہیں بلکہ یہ غیر معمولی دماغ کی وجہ سے بھی ہوتا ہے اور ہمیں یہ ماننا ہوگا۔ ‘

مگر نشے کے عادی لوگوں کے عام بھائی، بہنوں کے دماغ بھی اسی طرح غیر معمولی تھے پھر بھی ان کی زندگی بالکل مختلف پایا گیا۔

اس پر ڈاکٹر کیرن کہتی ہیں، ’یہ بھائی، بہن جو نشے کے عادی نہیں ہیں وہ ہمیں بتا سکتے ہیں کہ اس مسئلے پر کس طرح قابو پایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے آخر خود پر قابو کیسے کیا۔‘

ویسے ممکن یہ بھی ہے کہ نشے کے عادی افراد اور ان کے بھائی، بہنوں کے دماغ میں دکھائی دینے والے ایک جیسے غیر معمولی پن کی وجہ ایک جیسے ہی خاندانی ماحول میں پرورش پانا ہو۔

یعنی نشے کے عادی اور دماغ کی ساخت کا مطالعہ ابھی ختم نہیں ہوا ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2012 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔