Advertisement
آخری وقت اشاعت:  Tuesday, 10 november, 2009, 14:30 GMT 19:30 PST

عضوِ تناسل کی بحالی کا کامیاب تجربہ

خرگوش

امریکہ میں یہ تجربہ خرگوشوں پر کیا گیا ہے

تجربہ گاہ میں تیار کردہ بافت یا ٹشو کی مدد سے جانوروں کے عضوِ تناسل میں تناؤ پیدا کرنے والی بافت کی مکمل تبدیلی کا تجربہ کیا گیا ہے۔

اس کامیاب تجربے سے یہ امید پیدا ہوئی ہے کہ کسی حادثے یا چوٹ لگنے کے نتیجے میں متاثر ہونے والے انسانی عضوِ تناسل کو بھی مکمل طور پر کارآمد بنایا جا سکے گا۔

یہ تجربہ خرگوشوں پر کیا گیا جنہیں امریکی ریاست شمالی کیرولائنا کی ویک فارسٹ یونیورسٹی کے سائنسدانوں کے تیار کردہ ٹشوز لگائے گئے اور اس تبدیلی کے بعد ان خرگوشوں کا جنسی عمل معمول کے مطابق رہا اور ان کے بچے بھی ہوئے۔

اس تجربے میں شریک پروفیسر انتھونی اٹالا کا کہنا ہے کہ ’یہ حقیقت ہے کہ اس سلسلے میں مزید تحقیق درکار ہے لیکن ہمارے نتائج حوصلہ افزاء ہیں اور ان سے پتہ چلتا ہے کہ عضو تناسل کی بحالی کے مریضوں کے لیے ٹیکنالوجی کی مدد لینے کے واضح امکانات موجود ہیں‘۔

ان کا کہنا ہے کہ انہیں امید ہے کہ عضوِ تناسل کے کینسر یا پھر دیگر کئی وجوہات کے نتیجے میں اس عضو کی کارکردگی میں کمی کے شکار افراد مستقبل میں اس دریافت سے فائدہ اٹھا پائیں گے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ ’ایسے عضوِ تناسل کی بحالی جو بیماری کا شکار ہو یا اسے نقصان پہنچ چکا ہو، ایک مشکل کام ہے کیونکہ اس بافت کی ساخت اور کام بہت پیچیدہ ہے۔

.ویک فارسٹ یونیورسٹی کے سائنسداں ماضی میں تجربہ گاہ میں مکمل انسانی مثانہ بھی بنا چکے ہیں جو مریضوں کو لگایا بھی گیا ہے۔

ماضی میں کی گئی تحقیق میں سائنسدانوں نے خرگوش کے عضوِ تناسل میں تناؤ پیدا کرنے والی بافت کے کچھ حصے لگائے تھے جس کے بعد اس نے پچاس فیصد کارکردگی دکھائی تھی۔ حالیہ تجربے کے دوران سائنسدانوں نے خرگوش کے ایرکٹائل ٹشو سے ’سمُوتھ مسل سیل‘ حاصل کیے جنہیں تجربہ گاہ میں مزید طاقتور بنایا گیا اور اس کے بعد اسے دوبارہ خرگوش کے عضوِ تناسل میں لگا دیا گیا۔

برٹش ایسوسی ایشن آف یورولوجکل سرجنز کے اعزازی سیکرٹری ٹم ٹیری کا کہنا ہے کہ یہ تحقیق’حیرت انگیز‘ ہے۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ انسانوں پر اس تکنیک کے تجربے سے قبل ابھی بہت کام باقی ہے۔

بی بی سی کو جانیں

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔