
بچوں میں ویکسینیشن کے بعد بخار ہونا معمول کی بات ہے
ایک حالیہ تحقیق کے مطابق ویکسینیشن کے بعد بچوں کو پیراسیٹامول دینے سے متعدی بیماریوں کے خلاف مدافعت میں کمی واقع ہو سکتی ہے۔
اس تحقیق میں 450 شیر خوار بچوں کو ٹیکے لگانے کے بعد چوبیس گھنٹے کے اندر اندر پیراسیٹامول دینے سے بخار میں کمی تو واقع ہوئی تاہم جمہوریہ چیک سے تعلق رکھنے والے محققین کے مطابق درد کش ادویات دینے سے ویکسین کا اثر بھی کم ہوگیا۔
ایک برطانوی ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ اس تحقیق سے یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ جب تک بے حد ضروری نہ ہو تب تک بچوں میں ادویات کے استعمال سے پرہیز کیا جائے۔
مجھے یہ نہیں پتا کہ بچوں کو ویکسینیشن کے بعد درد سے بچنے کے لیے پیراسیٹامول کا استعمال کتنا عام ہے تاہم میں ہمیشہ والدین سے کہتا ہوں کہ یہ غیر ضروری ہے۔
ڈیوڈ ایلی مین
محققین کی ٹیم کے سربراہ رومن رائمولا کا کہنا ہے کہ والدین کی پریشانی کے باعث بچوں کو تیز بخار سے بچاؤ کے لیے دافع درد دوا پلانے کا مشورہ دیا جاتا ہے تاہم یہ ادویات فائدہ دینے کی بجائے نقصان پہنچاتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس کی ایک وضاحت تو یہ ہو سکتی ہے کہ پیرا سیٹا مول ان ویکسینز کے مدافعتی نظام تک پہنچنے میں مخل ہوتی ہے تاہم اس سلسلے میں مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔‘
ڈاکٹر رومن کا کہنا تھا کہ اس وقت سب سے اہم بات یہ ہے کہ ڈاکٹروں کو بچوں کو ویکسینیشن کے بعد کوئی بھی بیماری روکنے والے دوا جیسے پیراسیٹا مول وغیرہ تجویز کرنے سے پہلے اس کے مضمرات کا اچھی طرح سے جائزہ لینا چاہیے۔
بچوں کے حفاظتی ٹیکوں کے ماہر ڈاکٹر ڈیوڈ ایلی مین کا کہنا ہے کہ مجھے یہ نہیں پتا کہ بچوں کو ویکسینیشن کے بعد درد سے بچنے کے لیے پیراسیٹامول کا استعمال کتنا عام ہے تاہم میں ہمیشہ والدین سے کہتا ہوں کہ یہ غیر ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ویکسینیشن سے پہلے یا بعد میں پیراسیٹامول پلانے سے کوئی خاص فائدہ نہیں ہے جبکہ اس تحقیق سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ یہ فائدے کی جگہ نقصان پہنچاتی ہے کیونکہ یہ ویکسین کو مؤثر ہونے سے روکتی ہے۔
© MMIX