http://www.bbc.com/urdu/

Saturday, 20 December, 2008, 07:18 GMT 12:18 PST

ہم جنس شادیوں کے خلاف اپیل

امریکہ میں ایک مہم کے تحت ریاست کیلیفورنیا کی سپریم کورٹ سے کہا گیا ہے کہ اس سال ریاست میں ہونے والی تمام ہم جنس شادیوں کو غیرقانونی قرار دیا جائے

گزشتہ نومبر میں کرائے جانے والے ایک ریفرنڈم میں ووٹروں نے ’پروپوزیشن آٹھ‘ کے حق میں ووٹ دیا تھا، جوکہ ریاست کے آئین میں شادی کی تشریح میں تبدیلی کی تجویز تھی۔

اس تجویز کے تحت صرف مرد اور عورت کے درمیان شادی کو آئین کا حصہ مانا گیا ہے۔ لہذا، ریفرنڈم کے بعد ہم جنس شادیوں پر پابندی ہے۔

گزشتہ جون سپریم کورٹ کے ایک فیصلے کے بعد کہ ہم جنس شادیاں قانونی ہیں ہزاروں ہم جنس پرستوں نے شادیاں کی تھیں۔

لیکن اب ’پرپوزیشن آٹھ‘ کی حمایت کے بعد ایسی شادیاں غیرقانونی ہیں۔

چار نومبر کو کرائے جانے والے ریفرنڈم میں باون اعشاریہ ایک فیصد ووٹروں نے پروپوزیشن آٹھ کے حق میں ووٹ دیا تھا۔ یہ ریفرنڈم صدارتی انتخاب کے دن ہی کرایا گیا تھا۔

کیلیفورنیا کے سرکاری وکیل نے بھی سپریم کورٹ میں اپنا جواب داخل کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پروپوزیشن آٹھ ہم جنس جوڑوں کے بنیادی حقوق کی نفی بھی ہے۔

کیلیفورنیا کی سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ آئندہ مارچ تک وہ پروپوزیشن آٹھ کے خلاف سرکاری وکیل کے چیلنج کی سماعت کرے گی لیکن تب تک ہم جنس شادیوں پر پابندی عائد رہے گی۔