Friday, 21 November, 2008, 03:51 GMT 08:51 PST
واشنگٹن میں ایک وفاقی جج نے چھ میں سے ان پانچ الجیریائی باشندوں کو فوری طور رہا کرنے کا حکم دیا ہے جو قریب قریب سات سال سے گوانتانامو کے قید خانے بند ہیں اور ان کے خلاف فرد جرم عائد نہیں کی گئی۔
ان الجیریائی باشندوں کو امریکہ میں سن دو ہزار ایک میں ہونے والے حملوں کے تھوڑے عرصے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔ ان لوگوں پر ابتدائی طور پر بوسنیا میں امریکی سفارتخانے پر حملے کی منصوبہ بندی کا الزام لگایا گیا تھا جو واپس لے لیا گیا۔
جج کا یہ فیصلہ جون کے مہینے میں سپریم کورٹ کے اُس کلیدی فیصلے کے بعد آیا ہے جس میں حکم دیا گیا تھا کہ گوانتانامو کے حراستی اپنی قید کو چیلنج کرنے کا حق رکھتے ہیں۔
اس فیصلے میں جج نے کہا ہے کہ حکومت یہ ثابت کرنے میں ناکام رہی ہے کہ یہ پانچ الجیریائی افغانستان جاکر امریکی فوجوں سے لڑنے کی تیاری کر رہے تھے۔
جج نے ان کی رہائی کا حکم تو دے دیا ہے لیکن واشنگٹن میں بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے اس کی کوئی ضمانت نہیں ہے کہ انہیں رہائی مل جائے گی۔ امریکی حکومت کو اس فیصلے کے خلاف اپیل کا حق حاصل ہے۔ جج نےچھٹے شخص کی حراست جاری رکھنے کی اجازت دے دی ہے۔