http://www.bbc.com/urdu/

Saturday, 09 August, 2008, 07:28 GMT 12:28 PST

اینڈریو واکر
بی بی سی نیوز، نائجیریا

عمر سے زیادہ بیویوں کی تعداد

نائجیریا کے محمد بیلو ابوبکر کی عمر 84 برس ہے اور ان کی 86 بیویاں ہیں۔ لیکن ابوبکر دوسرے مردوں کو ایک ہی صلاح دیتے ہیں کہ وہ ان کی شادیوں کو ایک مثال نہ بنائیں، لیکن ایسا بھی نہیں ہے کہ وہ اپنے فیصلے پر پچھتاتے ہیں۔

ابوبکر کی 86 بیویوں سے 170 بچے ہیں اور وہ نائجیریا میں رہتے ہیں۔ ابوبکر کا کہنا ہے کہ خدا کی رحمت سے اپنی بیویوں کے ساتھ خوشی اور امن سے رہتے ہیں۔

ابوبکر نے بی بی سی کو بتایا: ’ایک آدمی کے اگر 10 بیویاں ہو تو اس کا جینا مشکل ہوجاتا ہے لیکن اللہ نے مجھے طاقت دی ہے جس کی وجہ سے میں 86 بیویوں کو سنبھال رہا ہوں۔‘

ابوبکر کا کہنا ہے کہ ’میں بیویوں کی تلاش میں نہیں جاتا وہ میرے پاس آتی ہیں۔‘ لیکن نائجیریا کے اسلامی رہنماؤں نے ان کے دعوے کو نہ مانتے ہوئے ان کے خاندان کو ایک کلٹ قرار دیا ہے۔

اسلامی امور کے بیشتر ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر کوئی شخص اپنی بیویوں کو برابر کا حق دے سکتا ہے تو وہ چار شادیاں کرسکتا ہے۔ لیکن ابوبکر کہتے ہیں کہ قرآن میں چار سے زیادہ شادی کرنے والے شخص کے لیے کسی طرح کی سزا کی بات نہیں کی گئی ہے۔

انکی ایک بیوی شریفت بیلو ابوبکر نے بتایا: ’جیسے ہی میں ان سے ملی میرے سر کا درد جاتا رہا۔ اللہ نے مجھے بتایا کہ ان سے شادی کرنے کا وقت آگیا ہے۔ اللہ کا شکر ہے کہ میری ان سے شادی ہوئی ہے۔ ‘

شادی کے وقت شریفت کی عمر 25 اور ابوبکر 74 برس کے تھے۔

بیلو ابوبکر اور انکی بیویاں کوئی نوکری نہیں کرتیں اور اتنے بڑے کنبے کی گزارے کے لیے انکے پاس کوئی خاص ذریعہ نہیں دکھائی دیتا۔ ایک وقت کے کھانے کے لیے انکے یہاں 12 12 کلو کے تین تھیلے چاولوں کے استمعال ہوتے ہیں اور ہر دن کے کھانے کا خرچ 915 ڈالر ہے۔

ابوبکر یہ بتانے سے انکار کرتے ہیں کہ انکے خاندان کا گزارا کیسے ہوتا ہے۔ وہ بس کہتے ہیں ’سب اللہ کی مہربانی ہے۔ ‘ابوبکر کی ایک بیوی کا کہنا ہے کہ ابوبکر کبھی کبھی اپنے بچوں کو بھیک مانگ کر لانے کے لیے کہتے ہیں۔

ابوبکر لوگوں کا اعلاج کرتے ہیں لیکن کبھی بھی دوائی کھانے کے لیے نہیں دیتے ہیں۔ انکا کہنا ہے کہ وہ مریض کو دیکھ کر اسکی بیماری کا پتہ لگاتے ہیں اور اس بیماری کو دور کردیتےہیں۔

لیکن ایسا نہیں ہے کہ وہ ہمیشہ ہی اعلاج کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں۔ ابوبکر کی ایک اور بیوی حفست بیلو محمد کہتی ہیں کہ ان کی دو بیٹیوں کی موت ہوچکی ہے۔