BBCUrdu.com
  •    تکنيکي مدد
 
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
 
وقتِ اشاعت: Wednesday, 18 July, 2007, 03:01 GMT 08:01 PST
 
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئے پرِنٹ کریں
مسافر طیارہ تباہ ’دو سو ہلاک‘
 
طیارے کو حادثہ
خدشہ ہے کہ طیارے میں موجود 176 افراد میں سے کوئی بھی زندہ نہیں بچا
برازیل کے شہر ساؤ پاؤلو میں ایک مسافر بردار طیارہ رن وے پر پھسل کر ایک ڈپو سے ٹکرا گیا ہے اور اس حادثے میں دو سو افراد کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔

TAM ایئر لائنز کے طیارے TAM ایکسپریس کی فلائٹ 3054 میں کل 170 مسافر اور عملے کے چھ ارکان سوار تھے اور امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ ان 176افراد میں سے کسی کے زندہ بچنے کی امید نہیں جبکہ اس کےعلاوہ اس حادثے میں دیگر افراد بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

ساؤپاؤلو کے گورنر نے بھی کہا ہے کہ کسی بھی مسافر کے زندہ بچنے کے امکانات نہیں ہیں۔ ہوزے سیرا کا کہنا ہے’ مجھے بتایا گیا ہے کہ حادثے کے بعد طیارے کا اندرونی درجہ حرارت ایک ہزار سنٹی گریڈ ہو گیا تھا اور اس حادثے میں کسی کے زندہ بچنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں‘۔

موسم کی خرابی کو اس حادثے کا ذمہ دار قرار دیا جا رہا ہے۔ اس حادثے سے قبل ساؤ پاؤلو میں لگاتار دو گھنٹے تک موسلا دھار بارش ہوئی تھی۔

یہ حادثہ ساؤ پاؤلو کے کونگوناس ہوائی اڈے پر اس وقت پیش آیا جب ٹیم (TAM) ایئرلائنز کا طیارہ ائربس اے 320 خراب موسم کے باعث رن وے پر پھسل گیا اور ایک رہائشی علاقے کی مصروف سڑک کو پار کرتا ہوا ٹیم ایئرلائنز ہی کے ایک ڈپو سے جا ٹکرایا جس میں کارگو اور ایندھن رکھا جاتا تھا۔
مسافروں کے لواحقین کا کہنا ہے کہ انہیں درست معلومات نہیں دی جا رہیں۔

طیارے کے ڈپو سے ٹکراتے ہی ایک دم آگ لگ گئی اور برازیل کے ٹی وی پر دکھائے جانے والے مناظر کے مطابق آگ بہت زیادہ تھی۔ ٹیم ایئر لائنز کے ایک ملازم ایلیس رادریگز کے مطابق طیارہ ڈپو سے ٹکراتے ہی دھماکے سے پھٹ گیا۔ انہوں نے خبر رساں ادارے اے پی کو بتایا ’میں نے ایک زور دار دھماکہ سنا اور میرے پاؤں کے نیچے سے زمین لرز گئی۔۔۔ میں نے اوپر دیکھا تو آگ کا ایک بڑا گولہ تھا۔ اور اس کے بعد مجھے کیروسین اور گندھک کی بو آئی‘۔

برازیل کے صدر نے اس حادثے پر تین دن کے قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔

سوموار کے روز بھی اسی ایئر پورٹ کے رن وے پر ایک اور مسافر طیارہ پھسل گیا تھا تاہم وہ رن وے کے ساتھ گھاس کے میدان پر چڑھ کر رک گیا تھا۔

حادثے کے عینی شاہدین میں سے ایک خاتون نے بتایا کہ جب طیارہ پھسل رہا تھا تو ان کی کار اس سے ٹکراتے ٹکراتے بچی۔ برازیل کے گلوبو ٹی وی سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا: ’ طیارہ میری ٹیکسی کے بالکل سامنے سے گزرا۔ ہمارے بالکل قریب ہی طیارے کا پر ڈپو سے جا ٹکرایا جس پر جہاز پھٹ گیا، ہر چیز پھٹ گئی اور ہر کوئی بھاگنے لگا۔‘

لوئیس سانتوس نامی ایک شحض نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ جب جہاز ان کی کار کے اوپر سے گزرا تو وہ اس قدر نیچا تھا کہ اس کا نچلا حصہ ٹریفک کی بتیوں سے ٹکرانے والا تھا۔’ ہمیں صاف سنائی دے رہا تھا کہ اس کے انجن کی آواز بہت تیزی سے بلند ہوتی جا رہی ہے اور جب طیارہ زمین پر گرا تو دھماکے بعد اس کے ٹکڑے ہر طرف بکھر گئے۔‘

یاد رہے کہ برازیل میں گزشتہ برس دریائے ایمزون کے اوپر دو طیاروں کے فضا میں تصادم کے نتیجے میں ایک سو چوّن افراد کی ہلاکت کے بعد ائر سیفٹی کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔

 
 
اسی بارے میں
عراق: طیارہ تباہ، 32 ہلاک
09 January, 2007 | آس پاس
تازہ ترین خبریں
 
 
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئے پرِنٹ کریں
 

واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنس کھیل آس پاس انڈیاپاکستان صفحہِ اول
 
منظرنامہ قلم اور کالم آپ کی آواز ویڈیو، تصاویر
 
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>  
پرائیویسی ہمارے بارے میں ہمیں لکھیئے تکنیکی مدد