BBC navigation

تنازعۂ کشمیر میں امریکہ کی مداخلت قبول نہیں: بھارت

آخری وقت اشاعت:  اتوار 20 اکتوبر 2013 ,‭ 18:05 GMT 23:05 PST

کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے: بھارتی وزیرِخارجہ

کشمیر کے مسئلے کے حل میں عالمی برادری سے مداخلت کرنے کے پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف کے مطالبے کو بھارت نے یہ کہہ کر مسترد کر دیا ہے کہ یہ ایک باہمی تنازع ہے اوراس میں کسی تیسرے فریق کی مداخلت کی ضرورت نہیں ہے۔

پاکستانی وزیرِاعظم نواز شریف کے بیان پر ایک ٹی وی چینل پر اپنا ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے بھارت کے وزیرِ خارجہ سلمان خورشید نے کہا کہ ’ایک ایسے سوال پر جسے شملہ معاہدے میں دونوں ملکوں نے ایک باہمی تنازع تسلیم کیا ہے اس کے بارے میں کسی تیسرے فریق کی مداخلت قبول کرنے کا کوئی سوال ہی نہیں پیدا ہوتا‘۔

کلِک پاک بھارت وزرائے اعظم ایل او سی فائر بندی پر متفق

انہوں نے مزید کہا کہ ’کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے اور کسی کو اس کے بارے میں کوئی سوال اٹھانے کی ضرورت نہیں ہے‘۔

پاکستان کے وزیرِ اعظم نواز شریف نے امریکہ جاتے ہوئے لندن میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کشمیر کے تنازع کوحل کرنے کے لیے امریکہ سے مداخلت کرنے کی بات کی تھی۔ انہوں نے کہا ’اگرچہ بھارت اس طرح کی مداخلت نہیں چاہتا لیکن اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے عالمی طاقتوں کو اس میں مداخلت کرنی چاہیے‘۔

دلی سے ہمارے نامہ نگار شکیل اختر کے مطابق بھارتی وزیرِ خارجہ نے پاکستان کے لیے جاری کی گئی حالیہ امریکی امداد کا بھی ذکر کیا اور امید ظاہر کی کہ امریکہ بھارت کا ایک اسٹریٹیجک پارٹنر ہونے کے ناطے اس بات کو ذہن میں رکھے گا کہ ’پاکستان کو دی جانے والی اقتصادی امداد کا استعمال بھارت کی سلامتی اور عسکری مفاد کو نقصان پہنچانے کے لیے نہیں کیا جائے گا‘۔

بھارتی وزیرِ خارجہ نے لائن آف کنٹرول پر حالیہ خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے یہ امید ظاہر کی اب مزید خونریزی نہیں ہو گی۔

تاہم انہوں نے یہ تسلیم کرنے سے انکار دیا کہ ان خلاف ورزیوں کے نتیجے میں کنٹرول لائن پر جنگ بندی کا معاہدہ ختم ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا ’میرا خیال ہے کہ یہ صحیح نہیں ہے ۔ خلاف ورزیوں کے بہت سے واقعات ہوئے ہیں۔ یہ یقیناً قابل قبول نہیں ہیں اور اس سے پیچیدگیاں بھی پیدا ہو رہی ہیں ۔لیکن ہم اس مرحلے پر یہ نہیں کہ سکتے کہ جنگ بندی کا معاہدہ ٹوٹ گیا ہے‘۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔