http://www.bbc.com/urdu/

Wednesday, 28 January, 2009, 16:17 GMT 21:17 PST

اعجاز مہر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

زکوۃ غیرمسلموں کو نہیں: وزیر

پاکستان میں زکوۃ و عشر کے وزیر نورالحق قادری نے کہا ہے کہ زکوۃ کی رقم پر مسلمانوں کا حق ہے اور کسی غیرمسلم کو انتہائی سخت حالات میں بھی زکوۃ کی رقم نہیں دی جاسکتی۔

یہ بات انہوں نے بدھ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی نواب غنی ٹالپر کے پوچھے گئے ایک ضمنی سوال کے جواب میں کہی۔

وزیر سے جب پوچھا گیا کہ کیا کسی غیرمسلم کو سخت بیماری کی حالت میں بھی زکوۃ نہیں دی جاسکتی تو وزیر نے کہا کہ کسی حالت میں بھی غیر مسلم کو زکوۃ کی رقم نہیں دی جاسکتی۔ وزیر نے بتایا کہ زکوۃ کی رقم چاروں صوبوں میں آبادی کی بنیاد پر تقسیم ہوتی ہے۔

وزیرِ زکوۃ و عشر نے ایوان کو بتایا کہ ملک بھر کے ایک سو چوبیس ضلعی کمیٹیاں اور تقریبا چالیس ہزار مقامی زکوۃ کونسلز ہیں جو غریب، نادار، بیوہ اور معذور افراد میں زکوۃ کی رقم تقسیم کرتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ضلعی اور صوبائی زکوۃ کونسلز کے درمیاں اختلافات کی وجہ سے رقوم کی تقسیم میں کچھ رکاوٹ ہے اور وفاقی حکومت معاملہ جلد حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

وقفۂ سوالات کے دوران قومی اسمبلی کو بتایا گیا کہ صوبہ سندھ میں تین سو ساٹھ سے زیادہ مختلف صنعتی ادارے بند پڑے ہیں جن میں سے ڈیڑھ سو کے قریب صرف کراچی میں ہیں۔

وزیرِ صنعت و پیداوار منظور احمد وٹو نے یاسمین رحمٰن کے سوال پر ایوان کو بتایا کہ حکومت صنعتوں کے لیے قرضوں پر سود کی شرح میں تین فیصد رعایت دے رہی ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے ایوان کو بتایا کہ ملتان اور سیالکوٹ میں حکومت ’گارمنٹ سٹی‘ تعمیر کر رہی ہے۔