Thursday, 21 August, 2008, 07:20 GMT 12:20 PST
عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
بلوچستان کے صوبائی وزیر سردار اسلم بزنجو نے کہا ہے کہ صوبے کے گورنر
نواب ذوالفقار مگسی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے اور یہ فیصلہ جنرل ریٹائرڈ پروز مشرف کے مستعفی ہونے کے بعد کیا گیا ہے۔
تاہم اس خبر کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔
اسلم بزنجو نے کہا کہ نواب ذوالفقار مگسی نے اپنا استعفیٰ وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کو چار روز پہلے پیش کر دیا تھا۔ اسلم بزنجو نے کہا کہ نواب ذوالفقار مگسی سے ان کی بات ہوئی تھی اور انہوں نے کہا تھا کہ وہ اتنے عرصے میں بلوچستان کے لیے کچھ نہیں کر پائے اور اب صدر کے استعفے کے بعد انہیں مستعفی ہو جانا چاہیے۔ ذوالفقار مگسی ان دنوں کراچی میں ہیں۔
اسلم بزنجو کا کہنا ہے کہ اس وقت بلوچستان حکومت کی کابینہ کے بیشتر ارکان اسلام آباد میں ہیں اور ان کا موقف ہے کہ نواب ذوالفقار مگسی کا استعفیٰ منظور نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اس بارے میں پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت اور ایوان صدر کو صوبائی کابینہ کی جانب سے درخواست کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ قائم مقام صدر یہ استعفی منظور بھی نہیں کر سکتے۔
نواب ذوالفقار مگسی نے اٹھائیس فروری سن دو ہزار آٹھ کو بلوچستان کے اٹھارویں گورنر کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا۔ حالیہ انتخابات میں وہ رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ ان کی وابستگی پاکستان مسلم لیگ قائد اعظم سے رہی ہے۔
چون سالہ ذوالفقار مگسی دو مرتبہ بلوچستان کے وزیر اعلیٰ رہے ہیں۔