علی سلمان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
کراچی اور لاہور میں ایف ایم ریڈیو کے چار لائسنس تقریباً ڈیڑھ ارب روپے میں جاری کیے گئے ہیں اور نسبتاً چھوٹے شہروں کے لائسنس بھی کروڑوں روپےمیں نیلام ہوئے۔ ان بولیوں کو غیر معمولی قرار دیا گیا ہے۔
ریڈیو کی ایف ایم فریکوینسی کی رینج محدود ہوتی ہے اور حکومت پاکستان ایک شہر میں دس لاکھ کی آبادی کے لیے ایک لائسنس جاری کرتی ہے۔
پاکستان میں الیکٹرانک میڈیا کے نگران ادارے پیمرا کے مطابق حالیہ نیلامی میں ملک کے مختلف شہروں کے لیے چھیالیس ایف ایم ریڈیو لائسنس جاری کیے گئے ہیں۔
ان شہروں میں کراچی، لاہور، ملتان اور فیصل آباد جیسے بڑے شہروں کے علاوہ گلگت، چاغی اور شانگلہ جیسے دور افتادہ شہر بھی شامل ہیں۔ لیکن تقریباً تمام کی بولی غیرمعمولی طور پر زیادہ رہی۔
چار برس پہلے پاکستان کے سب سے بڑے شہر اور تجارتی مرکز کراچی کا لائسنس سوا ایک کروڑ روپےمیں جاری کیا گیا تھا۔ اس بار لائسنس کی بولی سوا کروڑ سے ہی شروع کی گئی جو سینتیس کروڑ پر جاکر ختم ہوئی۔
پیمرا پچھلی بار لاہور کا لائسنس ستر لاکھ روپے میں فروخت کرسکی تھی لیکن اس بار یہ لائسنس تینیتس کروڑ اڑتیس لاکھ روپے میں نیلام
ہوا۔ فیصل آباد کا لائسنس دس کروڑ پندرہ لاکھ روپے میں دیا گیا۔
|
|
یہ نیلامی اسلام آباد میں دو روز تک جاری رہی تھی اور اس میں شریک گوجرانوالہ کے ایک بولی دہندہ مرزا اقبال نے بی بی سی کو بتایا کہ پہلی نیلامی سیالکوٹ کی تھی۔ ’بولی ایک لاکھ روپےسےشروع ہوکر جب چار کروڑ روپے تک پہنچی تو وہ حیران رہ گئے۔’
عامرخان کا کہنا ہے کہ انہوں نے ریڈیو کی مارکیٹ کو خالص کاروباری نظر سے پرکھا اور اس نتیجے پر پہنچے یہاں سرمایہ کاری کی جاسکتی ہے۔
انہوں نے ملتان کے لیے لائسنس دس کروڑ پینتیس لاکھ روپے اور سیالکوٹ کے ایف ایم لائسنس کے لیے چار کروڑ روپے بولی دی ہے۔
عامر خان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں لوگوں کا ریڈیو کی جانب رجحان ہورہا ہے اور ان کے اندازے کے مطابق سولہ کروڑ کی آبادی میں سے پانچ کروڑ لوگوں کے پاس ریڈیو ہیں۔ ان کا اشارہ موبائل فون کی جانب تھا جس میں عام طور پر ایف ایم ریڈیو سننے کی سہولت موجود ہوتی ہے۔
مرزا اقبال کا شمار ان بولی دہندگان میں ہوتا ہے جو ناکام رہے۔ ان کا اندازہ ہے کہ اونچی بولیوں کی وجہ ایف ایم ریڈیو میں موبائل
فون کمپنیوں کی غیر معمولی دلچسپی ہے۔
|
|
پیمرا کے ایگزیکٹو ممبر احمد محمود زاہد کا کہنا ہے کہ موجودہ نیلامی سے پہلے پیمرا ایک سو سولہ ایف ایم ریڈیو لائسنسس جاری کرچکی تھی جس میں سے ترانوے کامیابی سے نشریات جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے الیکٹرانک میڈیا کی ترقی کو حکومت کی آزاد میڈیا کے لیے غیر مشروط کمٹنٹ کا ثمر قرار دیا اور کہا کہ عوام میں شعور اور بیداری پیدا کرنے میں ٹی وی چینلز، کیبل ٹی وی اور ایف ایم ریڈیو سٹیشن نے بڑا کردار ادا کیا ہے۔
پیمرا نے حیدرآباد کا ایف ایم لائسنس نو کروڑ روپے، سکھر کا سوا چار کروڑ روپے، لاڑکانہ کا دو کروڑ نوے لاکھ روپے اور ڈیرہ غازی خان کا دو کروڑ روپے میں نیلام کیا ہے۔ نیلامی جیتنے والے زیادہ تر ادارے اس شعبے میں نئے ہیں۔