|
بھارت سے پاکستانی لڑکے واپس
|
||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کی سرحد عبور کر کے بھارت میں داخل ہونے والے دو بچوں کو جمعہ کی صبح ان کے والدین کے حوالے کردیا گیا ہے۔
سترہ سالہ اظہر علی اور دس سالہ زوہیب گزشتہ ہفتے بدھ کے روز بھارت میں داخل ہوگئے تھے، اور انہیں بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس نے حراست میں لے لیا تھا۔ بھارتی سکیورٹی فورس نے تفتیش اور تصدیق کے بعد جمعرات کی شب بچوں کو پاکستان رینجرز کے حوالے کر دیا، جنہیں اب حیدرآباد میں ان کے والدین کے حوالے کیا گیا ہے۔ دونوں بچے حیدرآباد کے قریبی دیہی علاقے ٹنڈوالہ یار سے تعلق رکھتے ہیں۔
قاسم رینجرز کے ہیڈکوارٹر میں اس تقریب میں جذباتی منظر دیکھا گیا۔ اظہر علی کے والد نادر علی انصاری اور زوہیب کے والد جعفر انصاری اور مائیں بھی تقریب میں شریک تھیں جو بچھڑے ہوئے بچوں سے دوبارہ مل کر بے پناہ خوش ہوئیں۔ سترہ سالہ اظہر علی اور دس سالہ زوہیب نے صحافیوں کو بتایا کہ والدین کی مار پیٹ سے تنگ آکر وہ گھروں سے بھاگ نکلے تھے اور زیرو پوائنٹ جانے والی ٹرین میں سوار ہوگئے۔ یہ بچے بھی بھارتی فلموں سے سخت متاثر نظر آتے ہیں ، جن کا کہنا تھا کہ انڈین فلموں میں ایسا ہی ہوتا ہے، اس لیے وہ زیرو پوائنٹ سے سرحد عبور کر کے بھارت میں داخل ہوگئے جہاں بارڈر سکیورٹی فورسز نے انہیں پکڑ لیا۔ اظہر علی اور زوہیب انصاری کا کہنا تھا کہ بھارتی سکیورٹی اہلکاروں نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا اور بار بار پوچھتے رہے کہ وہ کیوں آئے ہیں اور کیا انہیں پاکستانی اہلکاروں نے بھیجا ہے؟ بچوں کا کہنا تھا کہ ان کی آنکھوں پر سیاہ پٹی باندھی گئی اور کسی وقت کھانا دیا جاتا کبھی نہیں، اہلکار انہیں کہتے کہ وہ جو بھی پوچھیں گے اگر انہوں نے سچ نہیں بتایا تو آنکھوں پر بندھی ہوئی سیاہ پٹی سرخ ہوجائیگی۔ اس طرح انہیں ڈرایا دھمکایا جاتا۔ بچوں کے والد نادر علی انصاری اور جعفر انصاری کا کہنا تھا کہ وہ بچوں پر تشدد کرکے پچھتا رہے تھے اور وہ سمجھتے ہیں کے بچوں سے شفقت سے پیش آنا چاہیے۔ قاسم رینجرز کے برگیڈیئر خورشید نے اس موقع پر کہا کہ بچوں کے کوئی خطرناک عزائم نہیں تھے اور وہ پاکستانی حکام کی کوششوں کی وجہ سے واپس وطن پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے والدین کو تلقین کی کہ وہ بچوں کو سرحدی علاقوں میں گھومنے پھرنے سے روکین کیونکہ غلطی سے سرحد عبور کرنے کے بعد رہائی
کے لیے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ |
اسی بارے میں
بچے زیادہ، تعلیم غیر معیاری17 April, 2008 | پاکستان
بچوں کی’گمشدگی‘ پر تشویش 20 December, 2007 | انڈیا
انڈیا: سڑکوں پر سونے والے08 February, 2007 | انڈیا
کشمیری بچے کی شہریت کا مسئلہ 29 May, 2006 | پاکستان
عدالت کا حکم، کم عمر بچے آزاد19 April, 2006 | پاکستان
بچوں کی فروخت کا الزام غلط: اہلکار30 March, 2006 | انڈیا
|
||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
|
|||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
|
|||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||