http://www.bbc.com/urdu/

Saturday, 15 December, 2007, 19:58 GMT 00:58 PST

راشد رؤف پولیس حراست سے فرار

حکام کے مطابق مبینہ لندن طیارہ سازش کیس میں مطلوب برطانوی شہری راشد رؤف راولپنڈی میں پولیس حراست سے فرار ہو گئے ہیں۔ راشد رؤف کو ایسے شخص کے طور پر جانا جاتا ہے جن کی وجہ سے گزشتہ سال پوری دنیا کے ہوائی اڈوں پر حفاظتی انتظامات سخت کرنے پڑے تھے جن میں مائع اشیا کے جہاز پر ساتھ لے جانے پر پابندی بھی شامل تھی۔

راشد رؤف کو سنیچر کو پولیس کی نگرانی میں اسلام آباد کی ایک عدالت میں پیش کیا گیا تھا، جس کے بعد راشد رؤف کو جیل واپس لایا جانا تھا لیکن کہا جا رہا ہے کہ وہ اس دوران فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

راشد رؤف کے بدلے حیربیار مری
بدقسمتی سے رشتہ داری ہے: ہم زلف

اسلام آباد پولیس کے ایک افسر خالد پرویز کے مطابق دو پولیس اہلکاروں کو راشد رؤف کے فرار ہونے کے حوالے سے تفتیش کے لیے حراست میں لے لیا گیا ہے۔ تین پولیس اہلکاروں کے خلاف فرائض سےغفلت کامقدمہ بھی درج کیاگیا ہے۔

رؤف کو لندن میں مسافر طیاروں کو مبینہ طور پر خود کش بمباروں کی مدد سے تباہ کرنے کی ناکام سازش تیار کرنے کے الزام میں گزشتہ سال اگست میں پاکستان میں گرفتار کیا گیا تھا۔

راشد رؤف کالعدم عسکریت پسند تنظیم جیش محمد کے سربراہ مولانا مسعود اظہر کے بڑے بھائی مولانا طاہر انور کے ہم زلف ہیں۔ بعض اطلاعات کے مطابق انہیں بہاولپور کے قریب سے ہی گرفتار کیا گیا تھا، جہاں مولانا مسعود اظہر کا مدرسہ بھی واقع ہے۔