http://www.bbc.com/urdu/

Friday, 14 December, 2007, 01:39 GMT 06:39 PST

ہارون رشید
اسلام آباد

بینظیر کی سکیورٹی پر تشویش

پیپلز پارٹی کی سربراہ اور سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو کے سکیورٹی مشیر رحمان ملک نے حکومت سے مناسب سکیورٹی انتظامات کرنے اور کام کرنے والے ’جیمر‘ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

وزارت داخلہ کے سیکرٹری کو لکھے گئے ایک خط میں رحمان ملک نے شکایت کی کہ انہیں فراہم کیئے گئے جیمرز نے گیارہ دسمبر کو اسلام آباد سے مردان سفر کے دوران کام نہیں کیا۔

پیپلز پارٹی کے ایک بیان کے مطابق یہ اطلاع وزارت داخلہ کے ترجمان بریگیڈئر (ر) جاوید اقبال چیمہ کودے دی گئی ہے۔

بیان میں جاوید اقبال چیمہ کی جانب سے موصول ایک خط کے مطابق یہ بھی کہا گیا ہے کہ حکومت کو ملی معلومات کے مطابق بینظیر بھٹو اور رحمان ملک کو خودکش حملے کا نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔

ایک دوسرے خط میں پیپلز پارٹی نے وزارت داخلہ سے اٹھارہ اکتوبر کو کراچی میں پارٹی کے جلوس میں خودکش حملے کی اب تک کی تحقیقات سے مطلع کرنے کی درخواست بھی کی گئی ہے۔