http://www.bbc.com/urdu/

Monday, 10 December, 2007, 05:17 GMT 10:17 PST

ہارون رشید
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

کامرہ: سکول بس پر خودکش حملہ

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شمالی شہر کامرہ میں پولیس کے مطابق پیر کی صبح کو ایک خودکش حملے میں سات افراد جن میں پانچ سکول جانے والے بچے بھی شامل ہیں زخمی ہوئے ہیں۔

اٹک کے ضلعی پولیس افسر طارق حنیف کے مطابق ماسوائے ایک زخمی کے باقی تمام کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ایک شدید زخمی محافظ کو سی ایم ایچ راولپنڈی منتقل کر دیا گیا ہے۔

کامرہ میں خودکش حملہ:تصاویر میں

ابتدائی پولیس اطلاعات کے مطابق صبح ساڑھے سات بجے کے قریب ایک سفید گاڑی میں سوار خودکش حملہ آور نے اپنی گاڑی پاکستان فضائیہ کی بچوں کو سکول لیجانے والی ایک گاڑی سے ٹکرا دی۔ گاڑی میں انیس طلبہ و طالبات سوار تھے۔

حملہ آور ہلاک ہوگیا ہے تاہم گاڑی میں سوار پانچ بچے، ڈرائیور اور ایک محافظ زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

حملے کے بعد علاقے کو سکیورٹی فورسز نے گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔ تازہ حملہ بھی صوبہ پنجاب میں گزشتہ چند ماہ سے سکیورٹی فورسز کو خودکش حملوں کو نشانہ بنانے کے واقعات کا بظاہر تسلسل دکھائی دے رہا ہے۔ تاہم سکول کے بچوں کو ہدف بنانے کا یہ پہلے واقعہ ہے۔

کامرہ فضائیہ کا ایک اہم اڈہ ہے جو صوبہ سرحد کے قریب سرحد پر واقع ہے۔ اس سے ایک روز قبل پشاور میں فضائیہ کے اڈے کو بھی نامعلوم افراد نے راکٹوں سے نشانہ بنایا تھا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

کامرہ میں حملہ صوبہ سرحد کے ضلع سوات میں ایک سکیورٹی چوکی پر حملے کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے جس میں نو افراد ہلاک ہوئے تھے۔ یاد رہے کہ پاکستانی فضائیہ سوات میں شدت پسندوں کے خلاف کارروائیوں کا حِصّہ تھی۔