Sunday, 09 December, 2007, 05:22 GMT 10:22 PST
لاہور میں آل پارٹیز ڈیموکریٹک موومنٹ یعنی اے پی ڈی ایم کا اتوار کو ایک اہم اجلاس ہو رہا ہے، جس میں آٹھ جنوری کے عام انتخابات میں حصہ لینے یا نہ لینے کے حوالے سے کسی حتمی فیصلے کی توقع کی جا رہی ہے۔
اب تک کی صورتحال کے مطابق اے پی ڈی ایم میں شامل جماعت اسلامی اور تحریک انصاف انتخابات کے بائیکاٹ کے فیصلے پر قائم ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن) گو مگو کا شکار ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے ترجمان احسن اقبال نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت کے اکثریتی کارکن انتخابات کا میدان ’مشرف نواز‘ سیاسی قوتوں کے لیے کھلا نہیں چھوڑنا چاہتے۔ ’اگر جے یو آئی (ف)، پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ق) اور اے این پی الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں تو مسلم لیگ (ن) کے لیے باہر بیٹھے رہنا مشکل ہوگا۔‘
اے پی ڈی ایم کی ایک اور رکن جماعت جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے اتحاد کے سربراہی اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اے پی ڈی ایم میں دو پارٹیوں کے علاوہ ان قوتوں کا قبضہ ہے جن کی نہ تو کوئی پارٹی ہے اور نہ ہی ان کی عوام تک رسائی ہے۔
مولانا نے کہا کہ جو دو بڑی پارٹیاں ہیں انہوں نے انہیں پانچ اکتوبر کو چھوڑ دیا تھا۔ ’تو ہم نے انہیں کہا ہے کہ وہ پہلے ہمیں سیاسی ہمسفر بنانے کے قابل تو ہوں۔‘ ان کا اشارہ غالباً مسلم لیگ (ن) اور جماعت اسلامی کی طرف تھا، جن کے ارکان نے صوبہ سرحد کی اسمبلی سے استعفے دے دیے تھے۔
جماعت اسلامی کے جنرل سیکرٹری منور حسن نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی جماعت کا الیکشن کے بائیکاٹ کا فیصلہ حتمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے پی ڈی ایم کے فیصلے کے مطابق ان کی جماعت کے امیدوار پندرہ دسمبر کے روز اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لینگے۔
منور حسن نے کہا ’اب دیکھنا یہ کہ میاں صاحب (نواز شریف) بائیکاٹ کے فیصلے پر قائم رہتے ہیں یا کسی نئے دباؤ کے تحت انتخابات
میں حصہ لیتے ہیں۔‘
![]() |
|
| مولانا فضل الرحمٰن اے پی ڈی ایم کے اجلاس میں شرکت نہیں کر رہے |
یاد رہے کہ آل پاکستان وکلاء کنونشن نے تمام سیاسی جماعتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ آٹھ جنوری کو ہونے والے عام انتخابات کا بائیکاٹ کریں اور وکلاء کی عدلیہ کی بحالی کی جدوجہد میں شامل ہوں۔