http://www.bbc.com/urdu/

Saturday, 03 November, 2007, 22:42 GMT 03:42 PST

بیورو رپورٹ
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پاکستان

ایمرجنسی نافذ، آئین معطل، جسٹس چودھری برطرف، پریس پر پابندیاں

پاکستان کے صدر جنرل پرویز مشرف نے عبوری آئینی حکم(PCO) جاری کرتے ہوئے پورے ملک میں ہنگامی حالت نافذ کردی ہے۔ ملک میں سرکاری ٹی وی کے علاوہ دیگر نیوز ٹیلیویژن چینلز کی نشریات بند کر دی گئی ہیں، سرکاری موبائل فون کمپنی کا نیٹ ورک جام کر دیا گیا ہے اور شاہراہ دستور پر رینجرز تعینات کر دیے گئے ہیں۔

اسلام آباد: ہر طرف خاکی وردی
عبوری آئینی حکم ، متن تصاویر میں
ایمرجنسی کالعدم:سپریم کورٹ
ایمرجنسی کے خلاف وکلاء کی تحریک کا اعلان
ملک میں ایمرجنسی،آپ کی رائے
’ایمرجنسی پاکستانی تاریخ کا ایک اور سیاہ باب‘

سرکاری ٹی وی چینل ’پی ٹی وی‘ کے مطابق پاکستان کے فوجی صدر جنرل پرویز مشرف نے بطور آرمی چیف عبوری آئینی حکم جاری کرتے ہوئے ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

سرکاری ٹی وی نے یہ بھی بتایا ہے کہ جسٹس عبدالحمید ڈوگر نے ملک کے نئے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ اس اعلان سے قبل مقامی میڈیا نے خبر دی تھی کہ چیف جسٹس افتحار محمد چودھری کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ کے رجسٹرار ڈاکٹر فقیر حسین کو بھی ان کے عہدے سے برطرف کر دیا گیا ہے اور انہیں پاکستان لاء کمیشن واپس بھیج دیا گیا ہے۔

اس سے قبل سپریم کورٹ کے ججوں کی جانب سے ایک حکم جاری ہوا تھا جس میں انہوں نے عبوری آئینی حکم کو کالعدم قرار دیا اور تمام فوجی اور سول حکام کو ہدایت دی ہے کوئی بھی پی سی او کے تحت خدمات سرانجام نہ دے اور نہ جج پی سی او کے تحت حلف اٹھائیں۔

اسلام آباد میں پولیس،رینجرز تعینات
اسلام آباد پولیس اور رینجرز کے اہلکاروں کو شاہراہِ دستور کے باہر واقع سفارت خانوں پر تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ عوامی مقامات پر بھی پولیس اہلکاروں کو سادہ کپڑوں میں تعینات کیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق پنجاب کانسٹیبلری کے ایک ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں کو اسلام آباد رپورٹ کرنے کو کہا گیا ہے۔ اس ضمن میں جب پنجاب پولیس کے انسپکڑ جنرل احمد نسیم سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے نہ اس اطلاع کی تصدیق کی اور نہ ہی تردید۔ تاہم انہوں نے کہا کہ صوبے کی پولیس کو کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے اسلام آباد بھیجا جا سکتا ہے۔

اعتزاز احسن کی گرفتاری
سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر اعتزاز احسن کی اہلیہ نے بی بی سی بات کرتےہوئے بتایا کہ اعتزاز احسن کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ گرفتاری سے قبل بی بی سی بات کرتے ہوئے کہا ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے ججوں نے ایمرجنسی کے نفاذ کو غیر آئینی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء پیر سے احتجاج کریں گے۔

اس سے قبل ملک میں امن و امان کی صورت حال پر غور کرنے کے لیے ایوان صدر میں ایک اہم اجلاس بھی ہوا جس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور صدر جنرل پرویز مشرف کے قریبی ساتھیوں نے شرکت کی جبکہ وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے ایک اجلاس میں پیمرا اور وزارت اطلاعات کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی جس میں ملک میں نافذ العمل میڈیا پالیسی کا از سر نو جائزہ لیا گیا ہے۔

پریس پر پابندیاں
صدر جنرل پرویز مشرف نے پریس، اخبارات، خبر رساں اداروں اور کتب رجسٹریشن آرڈیننس2002ء میں ترمیم کرتے ہوئے پریس، نیوز پیپرز، نیوز ایجنسیز اینڈ بکس رجسٹریشن (ترمیمی) آرڈیننس 2007ء جاری کیا ہے جو فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔

وزارت قانون و انصاف کی طرف سے جاری کردہ آرڈیننس کے مطابق پریس، نیوز پیپرز، نیوز ایجنسیز اینڈ بکس رجسٹریشن آرڈیننس 2002ءمیں بعض ترامیم اور بعض شقوں کا اضافہ کیا گیا ہے۔

سنیچر کی شب پاکستان کے دیگر نجی چینلز کی نشریات تو صرف اندرون ملک بند تھیں مگر ’آج‘ نیوز کی نشریات مکمل ہی بند ہیں۔ آج ٹی وی کے ڈائریکٹر وامق زبیر نے بی بی سی کو بتایا کہ جمعہ کو انہیں پیمرا کی جانب سے ایک لیٹر جاری ہوا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ وہ دفتر اور ساز و سامان کی انسپیکشن کرنا چاہتے ہیں۔

سنیچر کو پیمرا کی ٹیم نے آکر تمام تفصیلات بشمول چینل کی فریکوئنسی معلوم کی اور چلے گئے۔ پانچ بجے جیسے کیبل آپریٹروں نے دیگر چینل کردیے ویسے ہی آج ٹی وی کی بھی نشریات بند ہوگئیں۔

بی بی سی کے خصوصی پروگرام
پاکستان میں ایمرجنسی کے مد نظر بی بی سی اردو سروِس کے صبح کے ریڈیو پروگرام ’جہاں نما‘ میں آدھے گھنٹے کی توسیع کی گئی ہے جو پاکستان کے مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے چھ بجے سے ساڑھے سات بجے تک سنا جاسکے گا۔ جہاں نما میڈیم بینڈ 31، 25 اور 19 پر اور 9510 ، 11740، 15510 اور 1413 کیلو ہرٹز پر سنا جاسکے گا۔ جبکہ جہاں نما کا اضافی آدھا گھنٹہ 15560 کیلو ہرٹز پر سنا جائےگا۔

اس کے علاوہ بی بی سی اردو سروِس پاکستان کے مقامی وقت کے مطابق دو پہر ساڑھے بارہ بجے سے لیکر ایک بجے دوپہر تک آدھے گھنٹے کا خصوصی ریڈیو پروگرام نشر کرے گی جو کہ 17560 اور 15325 کیلو ہرٹز پر سنا جاسکے گا۔

(نامہ نگار: اعجاز مہر، ہارون رشید، شہزاد ملک اور ریاض سہیل)