Sunday, 12 August, 2007, 16:46 GMT 21:46 PST
عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
بلوچستان کے علاقے سوئی میں ایک گھر میں ہونے والے دھماکے سے اس میں رہائش پذیر ایک پولیس اہلکار اور ان کی اہلیہ زخمی ہوئے ہیں جبکہ ڈیرہ بگٹی میں بھی ایک دھماکہ ہوا ہے۔
ڈیرہ بگٹی کے ضلعی رابطہ افسر عبدالصمد لاسی نے بتایا ہے کہ زخمی ہونے والے پولیس اہلکار رسول بخش بگٹی پہلے لیویز میں ملازمت کرتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ دھماکہ خیز مواد کس نے رکھا تھا۔
ضلعی رابطہ افسر نے بتایا کہ ڈیرہ بگٹی میں ہونے والے بم دھماکے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
سنیچر کو سوئی سے اطلاعات آئی تھیں کہ سکیورٹی فورسز اور مسلح بگٹی قبائلیوں کے مابین جھڑپیں ہوئی ہیں۔ خود کو ایک نئی مسلح تنظیم بلوچ ریپبلکن آرمی کا ترجمان ظاہر کرنے والے سر باز بگٹی نامی شحص نے دعویٰ کیا کہ سکیورٹی فورسز کے قافلے اور ایک چوکی پر حملے کیے گئے ہیں، جس سے فورسز کا جانی نقصان ہوا ہے۔
سرباز بگٹی نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے ہیلی کاپٹروں کا استعمال کیا ہے اور کمانڈوز بھی اتارے جن سے جھڑپیں ہوئی ہیں۔
تاہم ان کے دعوؤں کی سرکاری ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی۔ بارہا کوششوں کے باوجود فوج کے تعلقات عامہ کے سربراہ میجر جنرل وحید ارشد سے رابطہ نہ ہوسکا۔