Saturday, 02 June, 2007, 18:12 GMT 23:12 PST
ریاض سہیل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی
پاکستان میں کیبل آپریٹرز نے دھمکی دی ہے کہ جو بھی ٹی وی چینل فوج، عدلیہ اور ملکی استحکام کے خلاف بات کرےگا اس چینل کی نشریات دکھائی نہیں جائیں گی۔
یہ دھمکی نیوز چینل کی نشریات براہ رستہ دکھانے پر پابندی کے فوراً دی گئی ہے۔
کراچی میں کیبل آپریٹرز ایسو سی ایشن پاکستان کے رہنماؤں خالد آرائیں، ملک فرقان اور دیگر نے سنیچر کی شام ایک پریس کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹی وی چینلز عوامی جذبات کو پس پشت ڈال کر وہی پروگرام بنا اور دکھا رہے ہیں جن کی ہدایت ان کے پالیسی بنانے والے دے رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان پروگراموں کو نشر چینلز کرتے ہیں مگر دباؤ کیبل آپریٹرز پر آتا ہے، بالخصوص آج کل انہیں صارفین کے زبردست رد عمل کا سامنا کرنا پڑا رہا ہے جس کی وجہ افواج پاکستان کے خلاف پروپگنڈہ، عدلیہ پر تنقید اور استحکام پاکستان کے منافی پروگرام ہیں۔
کیبل آپریٹرز رہنماؤں کا دعویٰ تھا کہ جب انہوں نے صارفین کی شکایت پر خود پروگرامز کو دیکھا تو محسوس کیا کہ یہ شکایات بہت جائز تھیں اور اس سے ملک میں انتشار اور عدم اعتماد کی فضا پیدا ہوسکتی ہے۔
فوج و عدلیہ مخالفت کا حصہ نہیں |
اس پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کی کیبل آپریٹرز سے تلخ کلامی بھی ہوتی رہی صحافی انہیں باور کراتے رہے کہ وہ ٹی وی چینلز کی پالیسی کا تعین نہیں کرسکتے۔
کیبل آپریٹرز کے رہنماؤں نے بتایا کہ صوبائی سطح پر کمیٹیاں بنائی جائیں گی جو چینلز کی مانیٹرنگ کریں گی اور ان کمیٹیوں میں ان کے ہی لوگ ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ محب وطن پاکستانی ہیں اس سلسلے میں وہ جائز فیصلہ کریں گے۔
کیبل آپریٹرز نے الزام عائد کیا کہ انہیں کچھ سیاسی جماعتوں کی طرف سے حملوں کی بھی دھمکیاں دی جارہی ہیں اور انہیں فیکس بھی کیے گئے ہیں۔
اس پریس کانفرنس میں پاکستان کے محکمہ اطلاعات کے افسران اور سرکاری خبر رساں ادارے کے حکام بھی موجود تھے مگر کیبل آپریٹرز کا کہنا تھا کہ وہ بغیر کسی دباؤ کے یہ پریس کانفرنس کر رہے ہیں۔