Sunday, 13 May, 2007, 19:09 GMT 00:09 PST
ریاض سہیل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی
مرکز اور سندھ میں حکومت کی اتحادی جماعت متحدہ قومی موومنٹ نے غیر معینہ مدت تک اپنے تمام تنظیمی سیکٹر اور یونٹ بند کرنے کا اعلان کیا ہے اور کہا کہ کراچی میں نسلی فسادات کرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
متحدہ قومی موومنٹ کے پارلیمانی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے یہ اعلان آج رات کراچی میں متحدہ کے مرکز نائین زیرو پر ایک پریس کانفرنس میں کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم قومی جماعت بننے کے لیے رواں دواں ہے، چند ماہ سے اس کی مقبولیت روکنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ متحدہ کی ریلی پرامن تھی جو سازش کا نشانہ بن گئی، معصوم لوگوں پر حملے کیے گئے اور ریلی کی آڑ میں شہر میں دہشت گردی کی گئی۔
ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ماضی کی طرح لسانی فسادات کرنے کی کوشش کی گی، اے این پی کے رہنما جلتی پر تیل چھڑکنے کی کوشش نہ کریں اور اسفند یار علی اور دیگر رہنما ہوش کے ناخن لیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ جماعت اسلامی، عوامی نیشنل پارٹی، پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن عوام کو گھمراہ کر رہی ہیں
متحدہ قومی موومنٹ کی پالیسی تحمل و برداشت ہے۔
پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ متحدہ کے سات سے زائد دفاتر پر حملے اور نذر آتش کیا گیا ہے اور سندھ بھر سے بیس سے زائد کارکن لاپتہ ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حملوں میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جائے اور ان کے ارکان کو بازیاب کیا جائے۔