http://www.bbc.com/urdu/

Saturday, 27 May, 2006, 20:50 GMT 01:50 PST

عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ

کوئٹہ کے بعد کوہلومیں راکٹ

بلوچستان کے شہر کوہلو میں نامعلوم افراد نے دو راکٹ فائر کیئے ہیں جس سے فرنٹیئر کور کے دو اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔

اس سے پہلے سنیچر کے روز کوئٹہ اور نوشکی میں کم سے کم چار راکٹ داغے گئے تھے جس سے ایک خاتون ہلاک اور دو بچیاں زخمی ہوگئی تھیں۔

کوہلو کے انتظامی افسر کمیل علی نے بتایا ہے کہ دونوں راکٹ قریب واقع جندران کی پہاڑیوں سے داغے گئے ہیں۔ ایک راکٹ فرنٹیئر کور کے کیمپ کے اندر گرا جس سے سے دو اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

لورالائی سے مقامی صحافی امانت حسین نے بتایا ہے کہ زخمیوں کو ملتان منتقل کر دیا گیا ہے۔ دوسرا راکٹ کیمپ سے باہر کھلے میدان میں گرا ہے جس سے کوئی نقصان نہیں ہوا ہے۔

کوئٹہ میں سنیچر کو مارے جانے والے راکٹوں کے سلسہ میں پولیس نے سات مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ہے۔

ایک نا معلوم شخص میرک بلوچ نے کوئٹہ میں راکٹ حملوں کی زمہ داری ممنوعہ تنظیم بلوچ لبریشن آرمی کی طرف سے قبول کی تھی۔

اس کے علاوہ کل صوبے کے دیگر علاقوں سے بھی راکٹ داغنے کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔ نوشکی میں راکٹ گرنے سے ایک دیوار گری ہے جبکہ کوہلو، ہرنائی اور ڈیرہ بگٹی میں بیس سے زیادہ راکٹ داغنے کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔

ان حملوں میں سیکیورٹی فورسز کی چوکیوں کو نشانہ بنایا گیا تھا لیکن کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ سرکاری سطح پر ان حملوں کی تصدیق نہیں ہو سکی۔