BBC navigation

گجرات:ویگن میں آگ لگنے سے سولہ بچے ہلاک

آخری وقت اشاعت:  ہفتہ 25 مئ 2013 ,‭ 05:36 GMT 10:36 PST

پاکستان کے صوبہ پنجاب میں ضلع گجرات میں ایک سکول ویگن میں آگ لگنے سے بچوں سمیت 17 افراد ہلاک ہلاک جبکہ سات بچے شدید زخمی ہوگئے ہیں۔

یہ واقعہ سنیچر کی صبح گجرات کے علاقے کوٹ فتح کے قریب اس وقت پیش آیا جب ویگن میں سوار بچے سکول جا رہے تھے۔

گجرات میں ریسکیو 1122 کے ضلعی ایمرجنسی آفیسر چوہدری عزیز نے بی بی سی کو بتایا کہ اس حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں سولہ بچے اور ایک استانی شامل ہیں۔

گجرات کے ضلعی رابطہ افسر آصف بلال لودھی نے ہمارے نامہ نگار عبادالحق کو کہ ’سکول وین میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔ پولیس نے ایف آئی آر میں درج کیا ہے کہ ڈرائیور نے راستے میں سے ایک ڈبے میں پٹرول خریدا۔ اسی وجہ سے آگ اتنی تیزی سے پھیلی۔‘

اطلاعات کے مطابق گاڑی کے دروازے نہ کھلنے کی وجہ سے زیادہ ہلاکتیں ہوئیں۔ وین میں 23 سے 25 افراد سوار تھے جس میں اکثریت سکول جانے والے بچوں کی تھی۔

ویگن میں موجود ایک بچی نے برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز سے بات کرتے ہوئے کہا ’ہم بس کے پچھلے حصے میں بیٹھے تھے۔ بس ڈرائیور اور استانی نے بچوں کو نکالنے کی بہت کوشش کی لیکن وہ نہیں نکال سکے۔‘

ایک اور بچے کا کہنا تھا ’وہ سب کہہ رہے تھے ہمیں بچاؤ ہمیں بچاؤ۔ ہمیں آگ لگ گئی ہے۔ میں نے ایک بڑی لکڑی پکڑی اور شیشہ توڑا۔ میں نے ان کو بچانے کی کوشش کی لیکن نہیں بچا سکا۔‘

حادثے کی خبر ملنے کے بعد ریسکیو کارکنان نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کاروائیاں شروع کیں اور لاشوں اور زخمیوں کو گـجرات کے عزیز بھٹی شہید ہسپتال منتقل کر دیا۔

عزیز بھٹی شہید ہسپتال کے ڈاکٹر کامران نے بی بی سی کو بتایا کہ اس واقعے میں سات بچے شدید زخمی ہوئے اور شدید زخمیوں کو سی ایم ایچ کھاریاں اور میو ہسپتال لاہور منتقل کر دیا گیا ہے۔

وین میں آگ لگنے کے بعد وین کا ڈرائیور جائے وقوعہ سے فرار ہو گیا جسے مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق بعدازاں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔