گوجرانوالہ:کھانسی کا شربت پینے سے سولہ ہلاک

آخری وقت اشاعت:  جمعـء 28 دسمبر 2012 ,‭ 10:03 GMT 15:03 PST

گذشتہ ماہ لاہور میں بھی کھانسی کا شربت پینے سے اکیس افراد موت کا شکار ہوئے تھے

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں کھانسی کا شربت پینے سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد سولہ تک پہنچ گئی ہے جبکہ پنجاب کے وزیراعلیٰ نے ان ہلاکتوں کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

جمعرات کو گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں سے کھانسی کا شربت کا نشہ کرنے والے متعدد افراد کو خراب حالت میں ہسپتال لایا گیا تھا جن میں سے گیارہ جانبر نہ ہو سکے تھے۔

پنجاب میں شعبہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر نثار چیمہ کے مطابق مزید دو افراد کو علاج کے لیے لاہور لایا جا رہا تھا لیکن میو ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہی ان کی موت ہوگئی۔

ریڈیو پاکستان نے شہر کے ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتال کے حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ مرنے والے تمام افراد نے مقررہ مقدار سے زیادہ شربت بغرضِ نشہ پیا اور یہی ان کی ہلاکت کی وجہ بنی۔

گذشتہ ماہ لاہور کے علاقے شاہدرہ میں بھی کھانسی کا شربت پینے سے اکیس افراد موت کا شکار ہوئے تھے۔ اس معاملے کی انکوائری رپورٹ ابھی منظرعام پر نہیں آئی ہے۔

بی بی سی اردو سے بات کرتے ہوئے نثار چیمہ کا کہنا تھا کہ ’یہ شربت اس شربت سے مختلف ہے جس سے لاہور میں ہلاکتیں ہوئی تھیں‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’کھانسی کا شربت فروخت کرنے والے سات میڈیکل سٹوز کو سیل کر دیا گیا ہے جبکہ شربت بنانے والی فیکٹری کو بھی سیل کیا جا رہا ہے ۔ تاہم میڈیکل رپورٹس آنے سے پہلے یہ کہنا مشکل ہے موت کا سبب وہ دوا ہے یا پھر شربت کی غیرمعمولی زیادہ مقدار‘۔

وزیرِاعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ نے اس سارے واقعے کا نوٹس لیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’وزیرِاعلیٰ نےگوجرانوالہ میں ہونے والی ہلاکتوں کا نوٹس لے لیا ہے۔ انتظامیہ حرکت میں ہے اور اس سارے معاملے کی نگرانی کی جا رہی ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’گوجرانوالہ میں ہلاک ہونے والوں میں بھی زیادہ تر نشے کے عادی افراد ہیں‘۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلی نے سنیچر کو اجلاس طلب کیا ہے جس میں انھیں گذشتہ ماہ لاہور اور اب گوجرانوالہ میں ہونے والے واقعات کی تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔