BBC navigation

وانا بازار میں مولوی نذیر حملے میں زخمی، چھ ہلاک

آخری وقت اشاعت:  جمعرات 29 نومبر 2012 ,‭ 10:32 GMT 15:32 PST

پاکستان کے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان کے صدر مقام وانا میں ایک حملے میں طالبان کمانڈر ملا نذیر زخمی ہوگئے ہیں۔ اس حملے میں چھ افراد ہلاک اور چودہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔

بی بی سی کے نامہ نگار دلاور خان وزیر کے مطابق یہ حملہ وانا کے رستم بازار میں اس وقت ہوا جب ملا نذیر اپنی گاڑی روک کے ٹیلی فون کرنے کے لیے اترے۔ اسی دوران ایک نوجوان نے اپنا موٹر سائیکل ان کا گاڑی سے ٹکرا دیا۔

مقامی انتظامیہ کے مطابق یہ نوجوان خود کش بمبار تھا۔ اس حملے میں ملا نذیر معمولی زخمی ہوئے ہیں۔ تاہم ملا نذیر گروپ کے ایک کمانڈر محمد نور اس حملے میں شدید زخمی ہوئے ہیں۔

جنوبی وزیرستان میں احمد زئی قبیلے سے تعلق رکھنے والے ملا نذیر کا شمالی وزیرستان میں سرگرم حافظ گل بہادر گروپ اور شوریٰ اتحاد المجاہدین سے قریبی تعلق ہے۔

ابتداء میں یہ اپنے علاقے میں بیت اللہ محسود کے نمائندے سمجھے جاتے تھے لیکن تحریک طالبان کے اندر اختلافات کے باعث الگ ہو کر حافظ گل بہادر کے ساتھ مل گئے اور اب افغان طالبان کے امیر ملا محمد عمر کو اپنا رہنما قرار دیتے ہیں۔

ملا نذیر گروپ کے نو بڑے رہنماؤں کے قتل کا الزام تحریک طالبان پر لگایا گیا جب کہ انہوں نے دو ہزار سات میں اپنے علاقے میں طاہر یلدوشیف کی قیادت میں مقیم ازبک جنگجوؤں کو نکالنے کے لیے ایک بڑی جنگ لڑی۔

ملا نذیرگروپ کو پاکستان کے حامی طالبان میں شمار کیا جاتا ہے۔

سنہ دو ہزار آٹھ میں وانا میں مقامی طالبان سربراہ مولوی نذیر کی سربراہی میں وزیر قبیلے نےسکیورٹی فورسز کی معاونت سے وہاں موجود ازبک جنگجؤوں کے خلاف آپریشن کیا تھا۔ اس آپریشن کے بعد حکومت طالبان امن معاہدہ عمل میں آیا تھا۔

مولوی نذیر پر اس سے پہلے دو ڈرون حملے ہو چکے ہیں۔ پہلا حملہ فروری دو ہزار آٹھ میں مولانا ہارون وزیر کے گھر پر ہوا تھا جس میں مولوی زخمی ہوئے تھے۔ ان کے علاوہ اس حملے میں چار افراد زخمی اور ایک شخص ہلاک ہوا تھا۔

دوسرا ڈرون حملہ اعظم ورسک کے علاقے میں ان کی گاڑی پر ہوا تھا جس میں ان کے بھائی حضر عمر سمیت چار افراد ہلاک ہوئے تھے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔