
بلوچستان میں پرتشدد واقعات میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ہوا ہے
بلوچستان کے علاقے ڈیرہ مراد جمالی میں سٹی پولیس تھانہ کے قریب ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں دو راہگیر ہلاک اور آٹھ افراد زخمی ہوئے ہیں زخمیوں میں ایڈیشنل پولیس ایس ایچ او بھی شامل ہے۔
کوئٹہ سے بی بی سی کے نامہ نگار ایوب ترین کے مطابق پیر کے روز ڈیرہ مراد جمالی شہر میں سٹی تھانہ کے قریب اس وقت ایک زور دار دھماکہ ہوا جب پولیس کی گاڑی وہاں سے گذررہی تھی۔ دھماکے میں دوافراد ہلاک اور آٹھ زخمی ہوئے ہیں جنہیں فوری طور پر سول ہسپتال ڈیرہ مراد جمالی منتقل کردیاگیا۔ دھماکے سے پولیس گاڑی بھی مکمل طور پر تباہ ہوئی ہے۔
ڈیرہ مراد جمالی پولیس کے مطابق دھماکہ نامعلوم افراد کی جانب سے ایک موٹرسائیکل پر نصب ریمورٹ کنٹرول بم سے اس وقت کیا گیا جب ایڈیشنل ایس ایچ او غلام رسول اپنی گاڑی میں گشت کے لیے تھانے سے نکل رہے تھے۔ دھماکے میں ایڈیشنل ایس ایچ او غلام رسول اور دو پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔
ڈیرہ مراد جمالی سے مقامی صحافی دہنی بخش مگسی کے مطابق دھماکے کے بعد پولیس اور سیکورٹی فورسز نے شہرکی ناکہ بندی کر کے واقعہ میں ملوث افراد کی تلاش شروع کر دی ہے لیکن تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے اورنہ ہی کسی نے ابھی تک دھماکے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔


















