bbc.co.uk navigation

سوات:خصوصی قانون ’دارالقضاء‘ میں چیلنج

آخری وقت اشاعت:  بدھ 8 فروری 2012 ,‭ 13:02 GMT 18:02 PST

جماعتِ اسلامی پاکستان نے وفاق اور صوبہ خیبر پختونخوا کے زیرانتظام قبائلی علاقوں میں شدت پسندی پر قابو کےلیے نافذ کردہ خصوصی قوانین کو سوات کی ایک عدالت میں چیلنج کیا ہے۔

دارالقضاء سوات میں دائر کی گئی اس رٹ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ (ایکشن ان ایڈ ٹو سول پاور ریگولیشن دو ہزار گیارہ) قانون بنیادی انسانی حقوق کے خلاف ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ اس قانون کے تحت سکیورٹی اداراوں کو لامحدود اختیارات حاصل ہیں لہٰذا اس قانون کا فوری طور پر خاتمہ کیا جائے۔

یہ درخواست جماعت اسلامی کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر شاہ راز خان نے غلام نبی ایڈووکیٹ کے توسط سے آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت دائر کی ہے۔

درخواست گزار کے وکیل نے پشاور میں بی بی سی کے نامہ نگار رفعت اللہ اورکزئی کو بتایا کہ اس قانون کے تحت سکیورٹی اداروں نے دو ہزار آٹھ سے دہشتگردی کے الزامات کے تحت ہزاروں افراد کو گرفتار کیا ہوا ہے اور ان کو عدالتوں میں پیش نہیں کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس قانون کے تحت سکیورٹی اداروں کو یہ حق دیا گیا ہے کہ وہ کسی کے خلاف ٹینک، بندوق اور توپ کا استعمال کرسکتے ہیں جبکہ ان کے مکان کو بھی مسمار کیا جاسکتا ہے۔

"اس قانون کے تحت سکیورٹی اداروں کو یہ حق دیا گیا ہے کہ وہ کسی کے خلاف ٹینک، بندوق اور توپ کا استعمال کرسکتے ہیں جبکہ ان کے مکان کو بھی مسمار کیا جاسکتا ہے۔"

درخواست گزار

ان کے مطابق ان ریگولیشنز کے تحت موت اور عمر قید کی سزا دی جاسکتی ہے۔ غلام نبی کے بقول یہ قانون نہ صرف بنیادی انسانی حقوق سے متصادم ہے بلکہ پاکستان کی طرف سے منظور کردہ تمام بین الاقوامی قوانین کے بھی خلاف ہے۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے اس قانون کو فوری طور پر ختم کیا جائے اور گرفتار ہونے والے افراد کو باعزت طور پر رہا کیا جائے۔

خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے ان خصوصی قوانین کا نفاذ گزشتہ سال کیا تھا۔ یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ قبائلی علاقوں اور مالاکنڈ ڈویژن میں ہزاروں افراد شدت پسندی کے الزامات کے تحت سکیورٹی فورسز کے تحویل میں ہیں۔

انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھی ان قوانین کی مزمت کی ہے اور اسے انسانی حقوق سے متصادم قرار دیا ہے۔

اسی بارے میں

BBC © 2012 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔