bbc.co.uk navigation

’سازشیں سینیٹ کےالیکشن رکوانے کے لیے‘

آخری وقت اشاعت:  جمعـء 3 فروری 2012 ,‭ 18:08 GMT 23:08 PST

پاکستان کے وزیرِاعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ان کی حکومت کے خلاف جتنی بھی سازشیں ہو رہی ہیں وہ سب سینیٹ کے الیکشن کو رکوانے کے لیے ہو رہی ہیں اور کچھ عرصے بعد وہ (سازشیں) منظرِ عام پر آنا شروع ہوجائیں گی۔

یہ بات انہوں نے لاہور کے ریلوے سٹیشن پر نجی شعبے کے اشتراک سے چلنے والی پاک بزنس ٹرین کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

وزیرِاعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سینیٹ کے انتخابات وقت پر ہوں گے اور اس کے بعد حکومت اپنا پانچواں قومی بجٹ پیش کرے گی۔

لاہور میں ہمارے نامہ نگار علی سلمان کے مطابق وزیرِاعظم گیلانی نے کہا کہ یہ بجٹ مثالیہ ہوگا اور اس بجٹ کے بعد بھی اگر خواہش مند حضرات یا جماعتوں کا انتخابات کروانے کا دل چاہا تو وہ ان سے بات کر سکتے ہیں۔

"وزیرِ اعظم سے سوال کیا گیا کہ اگر اُن کو ہتھکڑی لگا کر جیل بھیج دیا جاتا ہے تو وہ کیسا محسوس کریں گے تو اس پر انہوں نے کہا کہ وہ عدالتی فیصلے کا احترام کریں گے۔"

وزیرِ اعظم سے سوال کیا گیا کہ اگر اُن کو ہتھکڑی لگا کر جیل بھیج دیا جاتا ہے تو وہ کیسا محسوس کریں گے تو اس پر انہوں نے کہا کہ وہ عدالتی فیصلے کا احترام کریں گے۔

ایک سوال پر کہ عدالت وزیر اعظم کو تو بلاتی ہے لیکن منی لانڈرنگ کیس میں عدالت میاں نوازشریف کو نہیں بلاتی تو انہوں نے کہا کہ اُن کو اس لیے بُلایا جاتا ہے کہ یہ اُن کی عدالت ہے اور اسی لیے وہ عدالت میں جائیں گے۔

وزیرِ اعظم نے بعد میں لاہور کے ٹول پلازہ کو آبادی سے دور منتقل کیے جانے کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کالا شاہ کاکو میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کسی چور دروازے سے اقتدار میں نہیں آئی اور یہ راتوں رات بننے والی سیاسی جماعت نہیں ہے بلکہ یہ طویل عرصے سے جدوجہد کررہی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ تیل کی قیمتیوں کے لیے انہوں نے ایک پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو وزراتِ خزانہ سے مل کر معاملے کا جائزہ لے رہی ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2012 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔