
گزشتہ سال پاکستان میں ایک سو نواسی مریضوں میں پولیو کے وائرس کی تصدیق ہوئی ہے
پاکستان میں اس ہفتے مزید آٹھ بچوں میں پولیو وائرس کی تصدیق میں ہوئی ہے جس کے بعد گزشتہ ایک سال میں پولیو سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد ایک سو نواسی ہو گئی ہے۔
حکام کے مطابق اس ہفتے بلوچستان کے شہر قلعہ عبداللہ کے تین بچوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ خیبر ایجنسی سے دو، سندھ کے شہر کراچی، صوبہ پنجاب کے شہر وہاڑی اور شمالی وزیرستان سے ایک ایک مریض سامنے آئے ہیں۔
پشاور سے نامہ نگار عزیزاللہ خان نے بتایا کہ اس سال سب سے زیادہ پولیو سے متاثرہ مریض بلوچستان سے بتائے گئے ہیں جن کی تعداد بہتر رہی ہے جبکہ دوسرے نمبر پر پاکستان کے قبائلی علاقوں سے پچپن مریض سامنے آئے ہیں۔
سال دو ہزار دس میں ایک سو چوالیس مریض سامنے آئے تھے۔
دنیا بھر میں پولیو کے مریضوں میں کمی واقع ہو رہی ہے جبکہ پاکستان میں اس مرض میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ لوگوں میں آگہی نہ ہونے اور سیکیورٹی کی صورتحال کی وجہ سے پولیو کے وائرس کا مکمل خاتمہ نہیں ہو سکا ہے۔
گزشتہ ماہ پولیو کے خاتمے کے لیے چلائی جانے والی مہم میں خیبر پختونخواہ میں پندرہ سے بیس ہزار والدین نے اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کر دیا تھا جس کے بعد حکام کے مطابق مقامی انتظامیہ کے ذریعے ان کے خلاف کارروائی کا حکم بھی دیا گیا تھا ۔
حکام نے بتایا کہ اگر والدین انتظامیہ اور علما کے کہنے پر قائل نہ ہوں تو ایسے والدین کے خلاف مقدمہ بھی درج ہو سکتا ہے جو اپنے بچوں کو پولیو کے خاتمے کے لیے قطرے پلوانے سے انکار کر دیتے ہیں۔
گزشتہ سال بھارت میں پولیو سے متاثر صرف ایک مریض سامنے آیا تھا جبکہ جنگ اور شدت پسندی سے متاثرہ ملک افغانستان میں چوہتر افراد میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
دنیا بھر میں گزشتہ سال چھ سو پندرہ افراد میں پولیو کا وائرس پایا گیا تھا جبکہ سال دو ہزار دس میں یہ تعداد کوئی نو سو پچہتر بتائی گئی تھی۔


















