bbc.co.uk navigation

لاہور میں مذہبی جماعتوں کا جلسہ

آخری وقت اشاعت:  پير 19 دسمبر 2011 ,‭ 21:10 GMT 02:10 PST

جلسے سے مشرف دور کے وفاقی وزیر شیخ رشید، اعجاز الحق اور حمید گل نے بھی خطاب کیا۔

پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں مذہبی جماعتوں نے ایک جلسے میں حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ سے باہر نکلنے کے لیے ڈیڈ لائن دی جائے۔

مینار پاکستان پر ہونے والے اس جلسے کا اہتمام دفاع پاکستان کونسل نامی تنظیم نے کیا تھا اور اس جلسے میں کالعدم تنظیموں کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

دفاع پاکستان کونسل نامی اس تنظیم میں مختلف مذہبی جماعتیں شامل ہیں تاہم اس جلسے کی تیاری اور انتظامات میں مذہبی تنظیم جماعت الدعوۃ پیش پیش تھی اور یہی وجہ تھی کہ جلسے گاہ میں سب سے بڑی تعداد میں جماعت الدعوۃ کے جھنڈے نظر آئے۔

کالعدم تنظیم سپاہ صحابہ پاکستان کے کارکنوں بڑی تعداد میں اس جلسے میں شرکت کرنے کے لیے صوبہ پنجاب کے مختلف علاقوں سے لاہور آئے تھے اور جماعت الدعوۃ کے علاوہ اس جلسے میں کالعدم تنظیم سپاہ صحابہ کے جھنڈے بھی نظر آ رہے تھے۔

جلسہ گاہ کے ارگرد جو بینرز لگائے گئے ان پر’بھارت کا جو یار ہے غدار ہے غدار ہے ، بھارت سے رشتہ کیا نفرت کا انتقام کا ، پاکستانی دریاؤں کےپانی پر قابض بھارت کا ایک ہی علاج الجہاد الجہاد‘ جیسی عبارتیں درج تھی۔

مقررین نے خبردار کیا کہ اگر نیٹو کی سپلائی لائن بحال گئی اور بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دیکر واہگہ بارڈر کھولا گیا تو اس پر احتجاج کیا جائے گا۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے جماعت الدعوۃ کے امیر حافظ سعید نے کہا کہ امریکی مہمان بن کر آئیں اور سفارتخانوں میں اپنا سفارتی کام کریں تو ان کی عزت کریں گے لیکن اگر وہ سڑکوں پر ہمارے لوگوں کو ماریں گے تو اس کی اجازت نہیں دیں گے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ اسلام آباد میں بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینے کی سازشیں تیار ہو رہی ہیں اور بقول ان کے پارلیمنٹ سے ایسی کوئی قرارداد منظور نہیں ہونے دیں گے۔

حافظ سیعد نے مطالبہ کیا کہ شمسی ائیر بیس کی طرح دیگر اڈے بھی خالی کرائے جائیں۔

جماعت الدعوۃ کے حافظ سیعد نے بھی جلسے سے خطاب کیا

عوامی مسلم لیگ کے صدر شیخ رشید نے خطاب میں کہا کہ عوام کو وینا ملک کے پیچھے لگا دیا ہے حالانکہ عوام کو وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کے پیچھے لگنا چاہیے تھا۔

جمعیت علماء اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے جلسے کے اختتام پر شرکاء سے دفاع پاکستان کے لیے جہادی جذبے سے لڑنے کا حلف بھی لیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ دفاع پاکستان کونسل کا تیرہ جنوری کو راولپنڈی اور بائیس جنوری کو کراچی میں جلسہ ہوگا۔

جلسے میں گونگے اور بہرے افراد کے لیے جماعت الدعوۃ کے لیے محضوص جگہ مقرر کی تھی جہاں پر حافظ سعید کی تقریر کو ایسے قوت گوئی اور سماعت سے محروم افراد کے لیے اشاروں کی زبان میں بیان کیا گیا۔

جلسے کے خاص خاص مقررین میں جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ، آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنرل حمید گل ، مسلم لیگ ضیاء کے اعجاز الحق اور تنظیم اہلسنت والجماعت کے مولانا محمد احمد لدھیانوی شامل تھے۔

متعلقہ عنوانات

BBC © 2012 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔