لاہور میں خواتین کےحقوق پر ہونے والے ایک سیمینار میں کہاگیا ہے کہ پاکستان میں تیزی سے فروغ پاتے ہوئے میڈیا نے عورتوں کے تحفظ میں اہم کردار ادا کیا ہے لیکن مقامی میڈیا کو ابھی بہت تربیت کی ضرورت ہے۔
ادارہ استحکام شرکتی ترقی کے زیر اہتمام خواتین پر تشدد کے خاتمے میں میڈیا کے کردار کے موضوع پر ہونے والے سیمینار کے شرکاء نے کہا کہ میڈیا پاکستانی معاشرے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ مقامی این جی او کے نمائندے سلمان عابد نے کہا کہ خواتین پر تشدد ایک سنگین مسئلہ ہے اور رسم و رواج کے نام پر انہیں زیادہ تشدد کا سامنا ہے اور میڈیا اپنے طور پر ان غلط رسم و رواج کے واقعات کو اجاگر کر رہا ہے جو کہ میڈیا کی ایک بہت بڑی ذمہ داری بھی ہے اور ساتھ ہی وہ ان مسائل کو سامنے لا کر ان کوحل کرنے کی بھی کوشش کرتا ہے ۔
لاہور کالج برائے خواتین کی شعبہ ابلاغیات کی سربراہ ڈاکٹر انجم ضیاء نے کہا کہ حقوق نسواں کے لیے میڈیا کے کردار سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔عورتوں کے قتل سے لے کر گھریلو تشدد اور پھر دفاتر میں استحصال تک کے معاملات میڈیا پر دکھائے جاتے ہیں اور ونی اور کاروکاری جیسی رسومات کے خلاف آواز اٹھائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض اوقات بریکنگ نیوز کے چکر میں میڈیا انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرجاتا ہے۔
ڈاکٹر انجم ضیاء نے کہا کہ جلدی، بہتر اور بڑی خبر دینے کی دوڑ میں میڈیا بعض اوقات بہت سی غلطیاں بھی کرجاتا ہے اور بہت سی ایسی چیزیں بھی بیان کر جاتا ہے جن کو پوشیدہ رکھنے کی ضرورت ہوتی ہے۔میڈیا پر بعض اوقات خواتین کی ایسی تصاویر بھی دکھا دی جاتی ہیں جن سے ان کی عزت نفس متاثر ہوتی ہے اور ایسے واقعات منظر عام پر آنے کے بعد متاثرہ خواتین کا معاشرے میں زندگی گزارنا بہت مشکل ہو جاتا ہے۔
ڈاکٹر انجم ضیاء نے کہا کہ میڈیا کو اخلاقیات کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنا کام کرنا چاہیے۔
پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات کے سابق سربراہ پروفیسر مغیث الدین نے کہا کہ بعض اوقات میڈیا سے بہت سی توقعات وابستہ کر لی جاتی ہیں لیکن یہ درست نہیں ہے۔ ’میڈیا نہ تو تن تنہا تباہی لاسکتا ہے اور نہ ہی تن تنہا فلاح کرسکتا ہے۔ میڈیا صرف تبدیلی کے عمل میں مدد کرتا ہے۔‘
پروفیسر مغیث الدین نے کہا کہ صرف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں صحافتی اخلاقیات کو نظر انداز کیا جاتا ہے اور پاکستان میں اس کی بڑی وجہ میڈیا کا اچانک پھیلاؤ بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں جتنا بھی جسمانی تشدد ہوتا ہے چاہے وہ خواتین کے حوالے سے ہو یا وہ دہشت گردی ہو، اس کی ابتدا قلم کے تشدد سے ہوتی ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی مشیر ذکیہ شاہ نواز نے کہا کہ ذرائع ابلاغ پر معقول انداز میں بحث مباحثہ ہونا چاہیے اور خواتین سمیت ان لوگوں کو مکمل تحفظ ملنا چاہیےجو تحفظ کے حقدار ہیں۔
سیمینار کے شرکاء اس بات پر متفق نظر آئے کہ میڈیا خواتین پر تشدد کے خلاف مزید موثر انداز میں کام کرسکتا ہے۔


















