bbc.co.uk navigation

مشرف کےریڈ وارنٹ کے لیے کارروائی شروع

آخری وقت اشاعت:  ہفتہ 19 نومبر 2011 ,‭ 14:35 GMT 19:35 PST

پاکستان کے وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ حکومت نے سابق فوجی صدر جنرل پرویز مشرف سمیت بلوچ رہنما اکبر بگٹی کے قتل کے دوسرے ملزمان کے انٹرپول سے ریڈ وارنٹ جاری کرانے کے لیے متعلقہ حکام کو ضروری کارروائی شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔

بلوچستان کی ہائی کورٹ نے یکم نومبر کو اپنے حکم میں کہا تھا کہ اس مقدمے میں مطلوب بیرون ملک مقیم تمام ملزمان کی پاکستان واپسی کے لیے کارروائی تیز کی جائے۔

پاکستان کے وزیر داخلہ رحمان ملک نےاسلام آباد میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان ہائی کورٹ کی حکم پر عمل کیا جائے گا۔

’بلوچستان ہائی کورٹ کی طرف سے ہمیں جو بھی ہدایات ملی ہیں اس پر ہم پوری طرح سے عمل کر رہے ہیں۔اس میں کسی کو کسی قسم کا شک نہیں ہونا چاہیے۔‘

اکبر بگٹی کے قتل میں تین نامزد ملزمان سابق فوجی صدر ریٹائرڈ جنرل پرویز مشرف، سابق وزیر اعظم شوکت عزیز اور بلوچستان کے سابق وزیر اعلیٰ میر جام یوسف بیرون ملک مقیم ہیں۔

اسلام آباد میں ہمارے نامہ نگار ذوالفقار علی کا کہنا ہے کہ سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف لندن میں خود ساختہ جلاوطنی کی زندگی گذار رہے ہیں جبکہ شوکت عزیز امریکہ اور میر جام یوسف دبئی میں مقیم ہیں۔

ان ملزمان کے خلاف بلوچستان کی عدالت پہلے ہی وارنٹ گرفتاری جاری کرچکی ہے۔

متعلقہ عنوانات

BBC © 2012 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔