bbc.co.uk navigation

’عہدہ چھوڑ دیں ورنہ الٹا لٹکایا جائے گا‘

آخری وقت اشاعت:  جمعـء 28 اکتوبر 2011 ,‭ 18:13 GMT 23:13 PST

مسلم لیگ نون کے ووٹ بنک کو خراب کرنے کی سازش کی جا رہی ہے: وزیراعلیٰ شہباز شریف

مسلم لیگ نون کے رہنماء اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے صدر آصف علی زرداری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنا عہدہ چھوڑ دیں ورنہ انہیں لاہور کے بھاٹی چوک میں الٹا لٹکایا جائے گا۔

جمعہ کو یہ بات وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور میں صدر آصف زرداری کے خلاف ایک احتجاجی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

لاہور سے نامہ نگار علی سلمان کے مطابق مسلم لیگ نون کے زیر اہتمام ناصر باغ سے بھاٹی گیٹ چوک تک ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی جس سےصرف وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے خطاب کیا اور صدر آصف زرداری کے خلاف سخت زبان استعمال کی اور اس دروان وزیر اعلیٰ پنجاب خود گو زرداری گو کے نعرے لگواتے رہے۔

مسلم لیگ نون کا کہنا ہے کہ یہ ریلی اذیت ناک لوڈ شیڈنگ، بجلی کی قیمتوں میں اضافے اور بدترین کرپشن کے خلاف نکالی گئی اور ہدف تنقید صدر آصف زرداری رہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ لاکھوں عوام جھولیاں اٹھا اٹھا صدر آصف زرداری کو بددعائیں دے رہے ہیں۔

انہوں نے مجمعے کی طرف اشارہ کرکے کہا کہ ’عوام کا سمندر تم اور تمہارے ساتھیوں کے ساتھ آخری معرکے کے لیے تیار ہے۔‘

"اپنے عہدے سے استعفی دے دیں ورنہ پارلیمنٹ ان کا احتساب کرے گی اور اگر پارلیمان نے احتساب نہ کیا پاکستان مصر کی طرح التحریر سکوائر بن جائے گا۔عوام کا قانون حرکت میں آئے گا اور پھر انہیں بچنے کا موقع نہیں ملے گا"

وزیراعلیٰ شہباز شریف

انہوں نے کہا کہ ساڑھے تین برس گذر گئے لیکن اس دوران ملک اندھیروں میں ڈوب گیا، لوگوں کے گھروں کے چولہے بجھ گئے، فیکٹریاں بند ہوگئیں۔

انہوں نے کہا ’ملک پر ایک منحوس آدمی کا سایہ ہے اور کراچی سے لیکر پشاور اور لاڑکانہ تک سب کہہ رہے ہیں کہ ملک کے اوپر بھاری ہے۔‘

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے صدر آصف زرداری پر کرپشن کے الزامات لگائے اورمطالبہ کیا کہ وہ اپنے عہدے سے استعفی دے دیں ورنہ پارلیمنٹ ان کا احتساب کرے گی اور اگر پارلیمان نے احتساب نہ کیا پاکستان مصر کی طرح التحریر سکوائر بن جائے گا۔عوام کا قانون حرکت میں آئے گا اور پھر انہیں بچنے کا موقع نہیں ملے گا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ ان کی پارٹی کی جمہوریت کے لیے قربانی کو نواز شریف کی کمزوری سمجھا گیا لیکن اب پارٹی کا ایک ایک کارکن یہ فیصلہ کر چکا ہے کہ جب تک صدر آصف علی زرداری اور ان کے ساتھیوں کو بھگا نہیں دیا جاتا اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ مسلم لیگ نون کے ووٹ بنک کو خراب کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔

مسلم لیگ نون نے جمعے کی اس ریلی کے لیے کئی ہفتوں تک تیاری کی تھی

مسلم لیگ نون نے جمعے کی اس ریلی کے لیے کئی ہفتوں تک تیاری کی تھی اور پورے لاہور کو نواز شریف اور شہباز شریف کے تصویروں والے بینروں پوسٹروں اورہورڈنگز سے بھر دیا تھا۔

اراکین اسمبلی لاہور اور گردو نواح کے شہروں سے کارکنوں کو جلسہ گاہ تک لائے۔مبصرین کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ نون نے مناسب انداز میں لاہور میں اپنی عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا ہے۔

اتوار کو تحریک انصاف کے زیر اہتمام ریلی ہونے والی ہے جس میں عمران خان موجود حکمرانوں کے خلاف عوام کو کال دیں گے۔

اسی بارے میں

BBC © 2012 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔