آخری وقت اشاعت:  بدھ 7 ستمبر 2011 ,‭ 16:27 GMT 21:27 PST

پی آئی اے کے طیارے پر بم کی اطلاع

طیارے پر کوئی مشتبہ چیز نہیں ملی ہے

پاکستان کی سرکاری فضائی کمپنی پی آئی اے کا بوئنگ 777 مسافر بردار جہاز جو پاکستان سے مانچسٹر جا رہا تھا بم کے خطرے کے پیش نظر ترکی میں اتار لیا گیا ہے۔

ترکی کے سرکاری ذرائع ابلاغ میں خبر دی جا رہی ہے کہ طیارہ استنبول کے اتاترک انٹرنیشنل ہوائی اڈے پر اتار لیا گیا ہے۔

طیارے کے عملے کو بلغاریہ کی فضائی حدود میں پرواز کرتے ہوئے طیارے میں بم کی موجودگی کی اطلاع دی گئی۔

پی آئی اے کی پرواز پی کے سات سو نو پر تین سو اٹہتر افراد سوار تھے اور یہ لاہور سے مانچسٹر جا رہا تھا۔

جہاز کے عملے نے استنبول کے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کیا اور ہنگامی بنیادوں پر لینڈ کرنے کی اجازت چاہی۔

ترکی کی سرکاری خبر رساں ایجنسی اناتولیہ نے اطلاع دی ہے کہ طیارے کو ہوائی اڈے کے ایک کونے میں کھڑا کر دیا گیا اور جہاز سے مسافروں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔

جہاز پر بم کی تلاش کے لیے سونگھنے والے کتوں کو پہنچایا گیا ہے۔

پاکستان کی فضائی کمپنی کا کہنا ہے کہ مسافروں کے سامان اور جہاز کے کسی حصے سے کوئی مشتبہ چیز نہیں ملی ہے۔

تاہم جہاز کی تفصیلی تلاشی کا کام جاری ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ جہاز کی تلاشی مکمل ہوتے ہی پرواز اپنی منزل کی طرف روانہ کر دی جائے گی۔

پی آئی اے کے ایک ترجمان نے پریس ایسوسی ایشن کو بتایا کہ بم کی دھمکی پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں موصول ہوئی۔

bbc.co.uk navigation

BBC © 2012 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔