آخری وقت اشاعت:  پير 29 اگست 2011 ,‭ 21:03 GMT 02:03 PST

’نفرت، فساد کی آگ بھڑکانے کی کوشش ہے‘

ذوالفقار مرزا فائل فوٹو

صدرِ پاکستان اور پیپلز پارٹی ذوالفقار مرزا کے الزامات کا فوری نوٹس لے کر پوزیشن واضح کرے: ایم کیو ایم

پاکستان پیپلز پارٹی کے سندھ میں سابق سینیئر وزیر ذوالفقار مرزا کی پریس کانفرنس پر متحدہ قومی موومنٹ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ذوالفقار مرزا کی سندھ میں نفرت، تشدد اور فساد کی آگ بھڑکانے کی انتہائی گھناؤنی کوشش ہے۔

ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے بیان میں ذوالفقار مرزا کے بیان کی مذمت کی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ذوالفقار مرزا کا شروع دن ہی سے ایجنڈا سندھ کے مستقل باشندوں میں نفرت اور دوریاں پیدا کرنا ہے۔ ’اسی ایجنڈے پر چلتے ہوئے انہوں نے بار بار سندھ میں نفرت کی آگ بھڑکائی ہے۔‘

ایم کیو ایم نے ذوالفقار مرزا پر الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ وہ قوم کو یہ بھی بتا دیں کہ کہ ان کے صوبائی وزیر داخلہ بنتے ہی کراچی میں اغوا برائے تاوان اور بھتہ کی بڑے پیمانے پر واداتیں کیوں شروع ہو گئیں۔

’تاجروں، صنعتکاروں اور دکانداروں کو بھتہ کی پرچیاں دینے والے کون ہیں اور ان کی کھلے عام سرپرستی کون کرتا ہے۔‘

رابطہ کمیٹی کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ذوالفقار مرزا یہ بھی بتا دیں کہ گزشتہ دنوں میں کراچی میں فسادات میں جو قتلِ عام ہوا اس میں کو ملوث ہے۔ ’کس کی ایماء پر اردو بولنے والوں کو اغوا کر کے پیپلز امن کمیٹی کے عقوبت خانوں میں لے جا کر انہیں بے دردی سے قتل کیا گیا۔‘

ایم کیو ایم نے صدرِ پاکستان آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی کی تمام اعلیٰ قیادت سے کہا ہے کہ وہ ذوالفقار مرزا کے بیہودہ اور شر انگیز الزامات کا فوری نوٹس لے کر اس پر اپنی پوزیشن واضح کرے۔

bbc.co.uk navigation

BBC © 2012 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔