آخری وقت اشاعت:  بدھ 23 فروری 2011 ,‭ 15:59 GMT 20:59 PST

بی بی سی اردو ڈاٹ کام اب پاکستانی ویب پورٹل پر

ہم بہت پُر جوش ہیں کہ ایک مقبول ویب پورٹل ’ہماری ویب ڈاٹ کام‘ پر جانے والے بی بی سی اردو ڈاٹ کام کی خبروں کے مکمل متن تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں: عامر احمد خان

بی بی سی اردو ڈاٹ کام کا مواد اب پاکستانی ویب پورٹل ’ہماری ویب ڈاٹ کام‘ پر بھی دستیاب ہوگا۔

بی بی سی اردو سروس نے پاکستانی ویب پورٹل ’ہماری ویب ڈاٹ کام‘ کے ساتھ انٹرنیٹ ڈسٹریبیوشن پارٹنر شپ کا آغاز کیا ہے۔ اس معاہدے کے تحت ’ہماری ویب ڈاٹ کام‘ بی بی سی اردو ڈاٹ کام سے براہِ راست خبریں، ملٹی میڈیا اور معلومات پیش کرے گی۔

انٹرنیٹ کی دنیا میں اردو زبان میں مواد ابھی بھی ارتقاء کے مراحل میں ہے اور ’ہماری ویب ڈاٹ کام‘ اس ضمن میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے: ابرار احمد

ہماری ویب ڈاٹ کام کا ’پاکستان اردو نیوز سیکشن‘ اب حالاتِ حاضرہ کی عالمی اور علاقائی خبریں، کھیل اور سائنس کی تازہ ترین خبریں بی بی سی اردو ڈاٹ کام سے لے کر شائع کرے گا۔ اس کے علاوہ ایک آڈیو لنک بھی موجود ہوگا جس کے ذریعے بی بی سی اردو سروس کے پاکستان میں ایف ایم پارٹنر اسٹیشنز کے لیے بنائے جانے والے بلیٹنز یا خبر نامے بھی سنے جا سکیں گے۔

بی بی سی اردو سروس کے سربراہ عامر احمد خان نےکہا کہ: ’ ہم بہت پُر جوش ہیں کہ ایک مقبول ویب پورٹل ’ہماری ویب ڈاٹ کام‘ پر جانے والے بی بی سی اردو ڈاٹ کام کی عالمی اور علاقائی خبروں کے مکمل متن تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں اور ہمارے تازہ ترین بلیٹنز بھی سن سکتے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ اسی طرح کی پارٹنرشپس کے ذریعے ہم پاکستان میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کی ضروریات کے مطابق اعلٰی درجے کی خبریں، معلومات اور تجزیے پیش کر سکیں گے‘۔

ہماری ویب ڈاٹ کام کے شریک بانی اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر ابرار احمد کا اس معاہدے پر کہنا ہے کہ ’بی بی سی کئی دہائیوں سے پاکستان میں ایک جانی پہچانی نیوز سروس ہے۔ لاکھوں پاکستانی روزآنہ مقامی ایف ایم اسٹیشنز کے ذریعے ہر گھنٹے نشر ہونے والے بی بی سی اردو بلیٹن سنتے ہیں۔ انٹرنیٹ کی دنیا میں اردو زبان میں مواد ابھی بھی ارتقاء کے مراحل میں ہے اور ہماری ویب ڈاٹ کام اس ضمن میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے تا کہ اس ڈیجیٹل ذریعے کو استعمال کرتے ہوئے اسے سہل اور مقبول بنایا جاسکے۔ بی بی سی اردو اور ہماری ویب ڈاٹ کام کے درمیان معاہدہ پاکستانیوں اور اردو زبان پڑھنے والوں کے لیے تازہ ترین اور معیاری خبروں اور غیرجانبدار تجزیوں تک رسائی کا بڑا ذریعہ ہوگا۔ مجھے یقین ہے کہ یہ پارٹنرشپ دونوں شرکاء کے مفاد میں ہے۔ مگر سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس سے اردو پڑھنے والے جہاں بھی ہوں گے انہیں فائدہ ہوگا‘۔

بی بی سی اردو ڈاٹ کام اردو زبان میں دنیا کی سب سے بڑی نیوز ویب سائٹ ہے جس پر ہر ہفتے اوسطاً تین لاکھ ’یونیک یوزر‘ یعنی منفرد صارفین آتے ہیں۔ یہ ویب سائٹ پاکستان ، بھارت، برطانیہ اور امریکہ میں موجود نیوز ٹیم اور لکھاریوں کی مدد سے تازہ ترین خبریں، جنوبی ایشیاء اور باقی دنیا پر فیچرز اور تجزیے، تحریر، آواز اور ویڈیو کی شکل میں پیش کرتی ہے۔

اس ویب سائٹ کا موبائل ورژن بھی ہے جس کی وجہ سے قارئین بی بی سی اردو آن لائن کے ٹیکسٹ اور آڈیو مواد تک اپنے موبائل فون کے ذریعے رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔ موبائل سائٹ کا پتہ ہے: bbcurdu.com/mobile

بی سی اردو آن لائن سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس فیس بک اور ٹوئٹر کے ذریعے اردو بولنے والی برادری سے رابطے میں رہتی ہے۔

facebook.com/bbcurdu twitter.com/bbcurduservice

’ہماری ویب ڈاٹ کام‘ پاکستان اور دنیا بھر میں اردو پڑھنے والوں کےلیے صفِ اول کے آن لائن پورٹلز میں سے ایک ہے۔ ہماری ویب ڈاٹ کام دو ہزار سات میں لانچ کی گئی اور اس کا مکمل انتظام اس کی مرکزی کمپنی وی بِز میڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ سنبھالتی ہے۔ اس وقت ہماری ویب ڈاٹ کام پر ہر ماہ تقریباً تیس لاکھ منفرد یوزر آتے ہیں۔ اس کے علاوہ سائٹ کو ہر ماہ ایک کروڑ بیس لاکھ پیج امپریشنز حاصل ہوتے ہیں۔ اس ویب سائٹ کو خاص طور پر پروفیشنلز، طلباء اور اردو اور انگریزی زبانوں میں پڑھنے والے افراد پسند کرتے ہیں۔

bbc.co.uk navigation

BBC © 2013 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔