آخری وقت اشاعت:  ہفتہ 11 دسمبر 2010 ,‭ 11:38 GMT 16:38 PST

ڈاکٹر کے خلاف توہین رسالت کا مقدمہ

فائل فوٹو

پاکستان میں توہین رسالت قانون کے خلاف مظاہرے بھی ہوئے ہیں

پاکستان کے شہر حیدرآباد میں ایک شخص کی درخواست پر پولیس نے شہر کے معروف معالج ڈاکٹر نوشاد ولیانی کے خلاف توہین رسالت کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔

پولیس نے ڈاکٹر نوشاد کو حراست میں بھی لے لیا ہے تاہم آر پی او حیدرآباد کا کہنا ہے کہ یہ مقدمہ درج نہیں ہونا چاہیے تھا۔

کلِک آر پی او حیدرآباد کا انٹرویو سنیے

محمد فیضان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر نوشاد ولیانی نے جمعرات کے روز ان کا وزیٹنگ کارڈ ردی کی ٹو کری میں پھینک دیا تھا اور حضور کی شان میں گستاخانہ الفاظ ادا کیے۔

حیدرآباد میں نامہ نگار علی حسن کے مطابق سنیچر کو کئی میڈیکل کمپنیوں نے نمائندوں نے ڈاکٹر کی کلینک پر دھاوا بول دیا اور پہلے ڈاکٹر کو زدوکوب کیا پھر انہیں کینٹ تھانے لے گئے۔

اسماعیلی فرقے سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر نوشاد نے پولیس کو پیش آ نے والے واقعات سے آگاہ کیا اور کہا کہ وہ کسی طور پر بھی توہین رسالت کے مرتکب نہیں ہوئے ہیں۔

فیضان اور ان کے ساتھی ڈاکٹر نوشاد کی وضاحت پر مطمئن ہوگئے تھے لیکن اس سے قبل کہ معاملہ رفع دفع ہوتا، بعض کالعدم مذہبی تنظیموں سے وابستہ سرگرم کارکن تھانے پہنچ گئے۔

ان لوگوں نے موقف اختیار کیا کہ معاملے کو رفع دفع نہیں کیا جاسکتا اور پولیس کو باقاعدہ مقدمہ درج کرنا ہوگا۔ اس دوران تھانے کے باہر ہجوم سا لگ گیا جس نے نعرے بازی شروع کردی۔ مذہبی تنظیموں کے کارکنان کے مقدمہ درج کرنے کے مطالبے پر فیضان اور ان کے ساتھیوں نے بھی وہ ہی موقف اختیار کرلیا جس پر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا

حیدرآباد کے ریجنل پولیس افسر حیدرآباد سید مشتاق شاہ نے بی بی سی اردو سروس کے نامہ نگار احمد رضا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ مقدمہ درج نہیں ہونا چاہیے تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ بعض مذہبی تنظیموں کے کارکنوں نے سڑک بلاک کرکے احتجاج شروع کردیا تھا جس کی وجہ سے عشرہ محرم میں نقص امن سے بچنے کے لیے پولیس کو مقدمہ درج کرنا پڑا۔

bbc.co.uk navigation

BBC © 2012 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔