آخری وقت اشاعت:  بدھ 10 مارچ 2010 ,‭ 13:51 GMT 18:51 PST

این جی او دفتر پر حملہ، پانچ ہلاک

فائل فوٹو
صوبہ سرحد کے ضلع مانسہرہ میں حکام کا کہنا ہے کہ ایک غیر سرکاری تنظیم کے دفتر پر نامعلوم مسلح افراد کی طرف سے فائرنگ کی گئی ہے جس سے میں دو خواتین سمیت پانچ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

مانسہرہ کے ضلعی پولیس سربراہ وقار الدین نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ واقعہ بدھ کی صبح مانسہرہ سے تقریباً چالیس کلیومیٹر دور اوگی کے مقام پر پیش آیا۔

انہوں نے کہاکہ ایک درجن کے قریب مسلح افراد ورلڈ ویژن نامی ایک غیر ملکی این جی او کے دفتر میں داخل ہوئے اور وہاں موجود عملے پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔ انہوں نے کہا کہ فائرنگ سے عملے کے پانچ افراد ہلاک ہوگئے جن میں دو خواتین اور تین مرد شامل ہیں۔

تاہم مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ این جی او کے دفتر پر دستی بموں سے حملہ کیا گیا جبکہ بعد میں مسلح افراد نے دفتر کے عملے پر گولیاں بھی چلائیں۔

ایک سرکاری اہلکار کے مطابق ورلڈ ویژن ایک امریکی این جی او ہے جو علاقے میں بچوں کے صحت عامہ اور دیگر ترقیاتی کاموں میں کام کرتی رہی ہے۔

ادھر جند الحفصہ نامی شدت پسندوں کی ایک نئی تنظیم نے مانسہرہ میں غیر سرکاری تنظیم کے دفتر پر ہونے والے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔ خود کو اس تنظیم کا ترجمان ظاہر کرنے والے ایک شخص عبد اللہ غازی نے بی بی سی کو فون کر کے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے الزام لگایا کہ مانسہرہ کے زلزلہ زدہ علاقوں میں امریکی اور دیگر غیر ملکی این جی اوز فحاشی پھیلارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر ان تنظیموں نے اپنی سرگرمیاں بند نہ کیں تو ان پر مزید حملے کیے جائیں گے۔ ترجمان نے کہا کہ ان کی تنظیم کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا حصہ ہے۔

خیال رہے کہ مانسہرہ میں اس سے پہلے بھی غیر سرکاری تنظیموں پر حملے ہوچکے ہیں۔ تقریباً تین سال قبل بھی ایک برطانوی غیر سرکاری تنظیم پلان انٹرنیشنل کے دفتر پر حملہ کیا گیا تھا جس میں عملے کے چار افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ گزشتہ ماہ مانسہرہ میں ایک ہی وقت میں دو پولیس تھانوں کو خودکش حملوں میں نشانہ بنایا گیا تھا جس میں ایک پولیس افسر ہلاک جبکہ کئی افراد زخمی ہوئے تھے۔

bbc.co.uk navigation

BBC © 2012 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔