Advertisement

آوران تھانے سے اسلحہ لوٹ لیا گیا

بلوچستان میں سکیورٹی: فائل فوٹو

بلوچستان میں سکیورٹی کی صورتِ حال خراب سے خراب تر ہوتی جا رہی ہے

بلوچستان کے علاقے آوران میں نامعلوم مسلح افراد نے پولیس تھانے میں موجود تمام پولیس اہلکاروں کواسلحہ کے زور پر یرغمال بنانے کے بعد سرکاری مال خانےسے لا کھوں روپے کا اسلحہ لوٹ لیا ہے۔ ملزمان نے چار پولیس اہلکاروں کو بھی اغواء کیا جنہیں بعد میں رہا کر دیا گیا۔

کوئٹہ سے چھ سو کلومیٹر دور جنوب مشر ق میں واقع ضلع آوران کے پولیس تھانے میں سنیچر کی رات پینتیس کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے داخل ہوکر پہلے وہا ں موجود چار پولیس اہلکاروں کو اسلحہ کے زور پر یر غمال بنایا اور بعد میں سرکاری مال خانہ کھول کر وہاں سے چھ سو سے زیادہ بندوقیں اور کلاشنکوفیں لوٹ کر دوگاڑیوں میں فرار ہوگۓ۔ جاتے وقت ملزمان نے تھانے میں موجود چار پولیس اہلکاروں کو بھی اغواء کر لیا جنہیں اتوار کی صبح چھوڑ دیا گیا۔

رہائی پانے والے ایک پولیس اہلکار محمد اشرف نے بی بی سی اردو ڈاٹ کام کو بتایا کہ سنیچر کی رات تین بجے کے قر یب کمانڈو وردی میں ملبوس پینتیس سے زیادہ افراد نے تھانے میں داخل ہوکر پہلے تو تھانے میں موجود چار پولیس اہلکاروں سے اسلحہ چھین کر ان کے ہاتھ پاؤں باندھ کر ایک کمر ے میں بند کر دیا اور بعد میں تھانے کے احاطے میں موجود مال خانے کا تالا تھوڑ کر وہاں موجود اسلحے کو دوگاڑیوں میں لوڈ کر کے لے گئے۔

’جاتے وقت وہ ہمیں بھی ساتھ لے گئے تھے اور کوئی بیس کلومیٹر دور جاکر ہمیں رہا کردیا اور وہ لوگ رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پہاڑوں کی طرف فرار ہوگئے۔‘

محمد اشرف کے مطابق کمانڈو وردی میں ملبوس یہ لوگ آپس میں اردو زبان میں بات چیت کر رہے تھے۔

اس سلسلے میں آوران پولیس کے ایس ایچ او محمدرفیق سے بار بار رابطے کی کوشش کی گئی لیکن بارآور ثابت نہ ہوسکی، تاہم آوران کے مقامی صحافی لطیف بلوچ نے بتایا ہے کہ پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف اسلحہ چوری کا مقدمہ درج کر کے ان کی تلاش شروع کر دی ہے لیکن تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

بلوچستان کے دور افتادہ علاقے آوران کے مال خانے سے اسلحہ لوٹنے کا واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب عید کی وجہ سے زیادہ تر اعلیٰ پولیس اور انتظامی افسران تعطیلات پر اپنے گھروں کوگئے ہوئے ہیں۔

بی بی سی کو جانیں

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔