Advertisement
آخری وقت اشاعت:  Monday, 16 november, 2009, 13:45 GMT 18:45 PST

وزیرستان: ’کمپلیکس اور سرنگیں دریافت‘

فائل فوٹو، پاکستانی فوج

سرچ آپریشن میں سکیورٹی فورسز نے ایک کمپلیکس اور سرنگوں کو دریافت کیا ہے: آئی ایس پی آر

پاکستان فوج کا کہنا ہے کہ قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں جاری آپریشن راہِ نجات میں سکیورٹی فورسز نے تینوں محور پر اپنی پوزیشنیں مضبوط کرلی ہیں۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی طرف سے پیر کو جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جنڈولہ سراروغہ کے محور سے سکیورٹی فورسز کے اہلکار اہم مقام جنتہ تک پہنچ گئے ہیں اور سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے خوژاکئی اور ادیرہ میلہ کی طرف پیش قدمی شروع کی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ شدت پسندوں نے لنڈی نور میں سکیورٹی فورسز کے ٹھکانے پر چار راکٹ اور خود ہھتیاروں سے حملے کیے ہیں اور سکیورٹی فورسز نے بھی جوابی کاروائی کی ہے۔ سکیورٹی فورسز نے لدھا سے ٹکرئی سر تک کے روڈ کو محفوظ بنادیا ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نےٹکرئی سر، طوطی لنگر خیل اور سلطانہ میں سرچ آپریشن کیا جس میں سکیورٹی فورسز نے ایک کمپلیکس اور سرنگوں کو دریافت کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے رزمک سے سپنیہ میلہ تک کے علاقے کو محفوظ بنا دیا ہے اور سپینہ میلہ میں سکیورٹی فورسز نے ایک مضبوط چیک پوسٹ بھی قائم کر لی ہے۔

بیان کے مطابق مکین کے قریب کم نارئی کو محفوط بنادیا گیا ہے اور اس علاقے میں گھروں کی تلاشی کا عمل جاری ہے اور اس دوران آٹھ بارودی سرنگوں کو تباہ کیاگیا ہے۔

گزشتہ ماہ اکتوبر میں سکیورٹی فورسزنے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں بیت اللہ گروپ کے طالبان کے خلاف محسود قبائل کے علاقے میں کارروائیوں کا آغاز کیا تھا۔ اس آپریشن میں اب تک حکام کے مطابق تین سو زیادہ شدت پسند مارے گئے ہیں اور زیادہ تر علاقے سکیورٹی فورسز کے کنٹرول میں آگیا ہے۔

بی بی سی کو جانیں

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔