Advertisement
آخری وقت اشاعت:  Sunday, 15 november, 2009, 11:10 GMT 16:10 PST

وزیرستان: پانچ جنگجو ہلاک، اسلحہ برآمد

فائل فوٹو، پاکستان فوج

سکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کیا ہے: آئی ایس پی آر

پاکستان فوج کا کہنا ہے کہ قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں جاری آپریشن راہِ نجات میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران جھڑپوں میں پانچ شدت پسند ہلاک ہوگئے ہیں۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی طرف سے اتوار کو جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جنڈولہ سراروغہ کے محور پر سکیورٹی فورسز نے احمد وام کے علاقے میں سرچ آپریشن کیا ہے اور اس دوران شاہوازی، خزنکئی اور ادین سر کے علاقے میں جھڑپیں ہوئی ہیں جس میں پانچ شدت پسند مارے گئے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نےتیارزہ اور اردگرد کے علاقوں میں سرچ آپریشن کیا، جس میں سکیورٹی فورسز نے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے مکین سے شاہ والی الگڈ تک کے علاقے کو محفوظ بنا دیا ہے اور شاہ والی الگڈ میں سکیورٹی فورسز نے ایک مضبوط چیک پوسٹ بھی قائم کر لی ہے۔

بیان کے مطابق لدھا کے راستے میں موجود بارودی سرنگوں کو صاف کیاگیا ہے اور فوج کو بھاری مقدار میں اسلحہ بھی ملا ہے۔ بیان میں کہاگیا ہے کہ سکیورٹی فورسز کے اہلکار تودہ چینہ تک پہنچ گئے ہیں اور کم نارائی کے علاقے میں بیس گھروں کی تلاشی لی گئی اور اس دوران تین بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنا دیاگیا ہے۔

اس کے علاوہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ سوات کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران بارہ شدت پسندوں کو ہلاک کیاگیا ہے۔ سرچ آپریشن کارکر بانڈہ، لم سنڈ، اشرف بنر اورکڑی شموزئی کے علاقوں میں کیا گیا۔ بیان کے مطابق چار باغ، رورئے اور زراخیلہ کے علاقے میں سات شدت پسندوں نے خود کو سکیورٹی فورسز کے حوالے کیا ہے۔

گزشتہ ماہ اکتوبر میں سکیورٹی فورسزنے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں بیت اللہ گروپ کے طالبان کے خلاف محسود قبائل کے علاقے میں کارروائیوں کا آغاز کیا تھا۔اس آپریشن کی وجہ سے علاقے سے تقریباً تمام آبادی نے نقل مکانی کی ہے جبکہ زیادہ تر علاقوں تک فوج بھی پہنچ گئی ہے۔ حکام کے مطابق اس آپریشن میں اب تک تین سو سے زیادہ شدت پسند مارے گئے ہیں۔

بی بی سی کو جانیں

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔